کامونکی: پتنگیں لوٹتے 15 سے زائد بچے، نوجوان زخمی، فیصل آباد 92، سیالکوٹ 7، کمالیہ میں 2 افراد گرفتار
کامونکی/ فیصل آباد/سیالکوٹ/کمالیہ (نامہ نگاران+ نمائندہ خصوصی) کامونکی میں گذشتہ روز پتنگ بازی کے دوران چھتوں سے گرکر کاشف نزیر احمد اویس غلام یاسین ریحان یوسف اور آصف سمیت پندرہ سے زائد کمسن بچے اور نوجوان زخمی ہوئے جنہیں طبی امداد کے لئے مقامی سرکاری ہسپتال پہنچا دیا گیا ہے۔ فیصل آباد پولیس نے ضلع بھر میں پتنگ فروشوں اور پتنگ بازی کیخلاف کریک ڈائون کے دوران پتنگ بازوں اور پتنگ فروشوں کے خلاف92 مقدمات درج کر کے92ملزمان کو پابند سلاسل کیا جبکہ ان کے قبضہ سے439 پتنگیں اور 83 عدد کیمیکل ڈور کی گوٹیں برآمد کیں ۔ تھانہ سٹی پولیس کمالیہ نے مخبر کی اطلاعات پر ٹوٹا بازار سے ناصر اور محلہ مدینہ آباد سے محمد یاسین کو گرفتار کیا جو پتنگیں اور ڈوریں بنا کر فروخت کر رہے تھے۔ سیالکوٹ سٹی سرکل کی حدود میں پولیس نے پتنگ بازی کرنے والے 7 لڑکوں کو گرفتار کرلیا۔