• news

بحر ہند کی سکیورٹی اہمیت بڑھ گئی: خواجہ آصف، روس سے مل کر مزید جنگی مشقوں پر غور کر رہے ہیں: نیول چیف

کراچی (سٹاف رپورٹر + ایجنسیاں) وزیراعظم محمد نوازشریف آج منگل کو کراچی کا دورہ کریں گے اور پاک بحریہ کی کثیرالملکی مشقوں ’’امن 2017ئ‘‘ کا معائنہ کریں گے، وزیراعظم اپنے کراچی کے دورے کے دوران سندھ کے گورنر اور وزیراعلیٰ سے ملاقات بھی کریں گے جبکہ وزیراعظم کو گرین لائن منصوبے، لیاری ایکسپریس وے اور سرکلر ریلوے اور کراچی کیلئے پانی کی فراہمی کے منصوبے کے فور پر بریفنگ دی جائے گی۔ دوسری جانب ساتویں بین الاقوامی میری ٹائم کانفرنس کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے کہا ہے کہ سی پیک کی وجہ سے بحر ہند کی سکیورٹی اہمیت بڑھ گئی ہے۔ سی یپک پاکستان سمیت پورے خطے کیلئے انتہائی اہم ہے، سمندری راستوں پر تجارت کے فروغ کیلئے امن ضروری ہے، مستقبل میں سمندری راستوں کی اہمیت میں مزید اضافہ ہوگا‘ امن مشقوں کے انعقاد پر پاک بحریہ مبارکباد کی مستحق ہے۔ خواجہ آصف نے کہاکہ امن 2017 مشقوں کا بھرپور انداز سے انعقاد قابل اطمینان ہے۔ بحر ہند میں عالمی سمندری تجارت میں اضافہ ہوا ہے۔ بحر ہند میں قزاقی، انسانی سمگلنگ اور دیگر چیلنجز کا سامنا ہے۔ انہوں نے کہاکہ چینلجز سے نمٹنے کیلئے موثر حکمت عملی ہی وقت کی اہم ضرورت ہے۔ خواجہ آصف نے کہاکہ کانفرنس سے میری ٹائم سکیورٹی سے متعلق وسائل کے حل میں مدد ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ کانفرنس میں پیش کی گئی تجاویز پر عملدرآمد یقینی بنائیں گے۔ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے پاک بحریہ کے نیول چیف ایڈمرل ذکاء اللہ نے کہا کہ امن مشقوں کا مقصد سمندری حدود کی حفاظت یقینی بنانا ہے اور اسکے علاوہ کانفرنس کے توسط سے عالمی طور پر دوست ملکوں سے رابطے بھی مضبوط ہونگے ۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ دور میں میری ٹائم کے کردار میں مزید اضافہ ہو گیا ہے اور سی پیک کی وجہ سے خطے میں مزید اہمیت بھی بڑھ گئی ہے سی پیک خطے میں معاشی استحکام لائے گا۔ علاوہ ازیں روسی جریدے سپوتنک سے گفتگو کرتے ہوئے پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل محمد ذکاء اللہ نے کہا کہ پاکستان روس کے ساتھ مستقبل میں بھی مزید جنگی مشقیں کرنے پر غور کررہا ہے۔ اس حوالے سے بات چیت آخری مراحل میں ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ بہت خوش ہیں کہ پہلی بار روس مشقوں میں شریک ہے۔

ای پیپر-دی نیشن