• news

شاہراہیں اور توانائی کے منصوبے سندھی عوام کے لئے تحفہ ہیں، ان کی تکمیل سے ملک ترقی کرے گا: نوازشریف

کراچی (آن لائن+ آئی این پی) وزیراعظم میاں محمد نوازشریف نے کہا ہے کہ کراچی سمیت سندھ کے دیہی علاقوں کی ترقی پر خصوصی توجہ دے رہے ہیں۔ کراچی پاکستان کا اقتصادی مرکز ہے۔ شاہراہوں اور توانائی کے منصوبے سندھی عوام کے لئے تحفہ ہیں جس سے ترقی ان کا مقدر بنے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کے روز ایوان وزیراعظم میں ٹھٹھہ سے رکن قومی اسمبلی ایاز علی شیرازی کی قیادت میں ملاقات کے لئے آنے والے وفد سے گفتگو میں کیا۔ وزیراعظم محمد نواز شریف نے کہا کہ وفاقی حکومت نہ صرف کراچی بلکہ سندھ کے دیہی علاقوں کی ترقی کے لئے کوشاں ہے اور شاہراہوں سمیت توانائی کے متعدد منصوبے شروع کئے جا رہے ہیں۔ جن میں سکھر سے ملتان موٹروے اور ٹرانزٹ منصوبوں سمیت بڑے ترقیاتی منصوبے شامل ہیں۔ کراچی، حیدرآباد موٹروے، گرین لائن ماس ٹرانزٹ، سرکلر ریلوے اور لیاری ایکسپریس سندھ کے عوام کے لئے وفاقی حکومت کی جانب سے تحفہ ہیں۔ ان منصوبوں کی تکمیل سے عوام کی زندگی میں حقیقی تبدیلی آئے گی اور عوام کا معیار زندگی بلند ہونے سمیت ملک ترقی کی راہ پر گامزن ہو گا۔ وزیراعظم نے وفد کو ہدایت کی کہ عوام کا معیار زندگی بلند کرنے اور ان کی حقیقی خدمت کے لئے منتخب اراکین پارلیمان ایمانداری اور دیانتداری کے ساتھ کام کریں تاکہ ترقی کا خواب شرمندہ تعبیر ہو سکے۔ ایم این اے ایاز علی شیرازی کی قیادت میں آنیوالے وفد میں ٹھٹھہ کے ضلعی چیئر مین حاجی حنیف اور شفقت شیرازی بھی شامل تھے۔ وزیراعظم نوازشریف نے قومی کونسل برائے تحفط جنگلی حیات کی بحالی کی منظوری دیدی۔سابق حکومت نے تحفظ جنگلی حیات کے ادارے کو غیرفعال کردیا تھا۔پیر کو وزیراعظم محمدنوازشریف نے قومی کونسل برائے تحفط جنگلی حیات کی بحالی کی منظوری دیدی۔ ادارے کو صوبائی نمائندگی حاصل ہوگی،وزارت موسمیاتی تبدیلی کے تحت کام کرے گا۔ادارے کی بحالی میں بین الاقوامی قوانین کے مطابق جنگلی حیات کی غیرقانونی تجارت روکی جاسکے گی۔

ای پیپر-دی نیشن