ٹرمپ کے آنے سے نیشنل سکیورٹی کونسل کے معاملات بگڑ گئے
نیویارک (نمائندہ خصوصی) ٹرمپ کے برسر اقتدار آنے کے بعد سے امریکی نیشنل سکیورٹی کونسل کے حالات ابتر ہو چکے ہیں۔ اہلکار ہر وقت کوشاں رہتے ہیں کہ امریکی صدر کے ٹوئیٹس کو پالیسی بیان میں کس طرح تبدیل کیا جائے۔ وہ جانتے بھی نہیں ہوتے کہ آج ٹرمپ میڈیا پر یا عالمی رہنماﺅں سے کیا بات کریں گے۔
نیویارک ٹائمز کے مطابق سکیورٹی کونسل کے اہلکار دن بھر اس جدوجہد میں رہتے ہیں کہ ٹرمپ کے بیانات اور احکامات کو پالیسی بیان کی شکل میں پیش کیا جائے ان کی سب سے بڑی مشکل یہ ہوتی ہے کہ ان حالات میں کام کرنا انتہائی مشکل ہو چکا ہے۔ اس طرح کی کئی صورتحال کی میڈیا پر نشاندہی بھی ہو چکی ہے۔ سکیورٹی کونسل کے اہلکاروں کی ذمہ داری ہی یہ ہے کہ وہ اہم عالمی مسائل پر امریکی صدر کی معاونت اور رہنمائی کریں۔