سری لنکا کی فوج میں تطہیر کا عمل ایک دن میں550 بھگوڑے فوجی گرفتار
کولمبو(آئی این پی)سری لنکا کی فوج میں تطہیر کے عمل کے دوران ایک ہی دن تقریبا 550 بھگوڑے فوجیوں کو گرفتار کر لیا گیا ۔حکومت کی جانب سے عام معافی کی ایک اسکیم کے تحت تقریبا 43 ہزار بھگوڑے فوجیوں کو کورٹ مارشل سے بچنے کے لیے واپس آنے کی ترغیب دی گئی تھی۔یہ مہلت، جس سے 9 ہزار سے زیادہ افسروں اور جوانوں نے فائدہ اٹھایا، دسمبر میں ختم ہو گئی تھی۔ بریگیڈیئر روشن سنیوی رتنے کے مطابق فوج کی ایک کارروائی کے دوران546 فوجیوں کو گرفتار کیا گیا، جو ایک روز میں گرفتار کیے جانے والوں کی ریکارڈ تعداد ہے۔ سری لنکا کی فوج کو گزشتہ کئی برسوں سے اس مسئلے کا سامنا ہے کہ سپاہی مختلف وجوہات کی بنا پر فوج چھوڑ کر بھاگ جاتے ہیں۔