• news

پاکستان میں معاشی ترقی کی شرح 5 فیصد سے زائد رہے گی: کریڈٹ سوئس

لاہور (آن لائن) پاکستان میں معاشی ترقی کی شرح 5 فیصد سے زائد رہے گی۔ کریڈٹ سوئس کا کہنا ہے کہ رواں برس پاکستان کا مالیاتی خسارہ حکومت کے طے کردہ ہدف کے مطابق رہے گا۔ عالمی سطح پر سرمایہ کاروں کو رہنمائی فراہم کرنے والے ادارے کریڈٹ سوئس کا کہنا ہے کہ رواں برس پاکستان میں معاشی ترقی کی شرح 5 فیصد سے زائد رہے گی اور سال 2018ء میں 4 ہزار میگاواٹ تک بجلی سسٹم میں شامل ہونے کی اْمید ہے۔ مسلسل بڑھتی ہوئی درآمدات اور گھٹتی برآمدات سے تجارتی خسارہ بڑھ رہا ہے ساتھ ساتھ ترسیلات زر میں بھی کمی ریکارڈ کی جا رہی ہے۔ صورتحال کو دیکھتے ہوئے رواں برس جاری کھاتوں کے خسارے میں اضافے کا امکان ہے۔کریڈٹ سوئس کی رپورٹ میں مزید بتایا گیا ہے کہ سال 2017ء کے آخری 6 ماہ میں شرح سود میں اعشاریہ 50 سے 75 فیصد تک بڑھ سکتا ہے جبکہ اوپن اور انٹربینک مارکیٹ میں ڈالرکی قیمت میں زائد فرق کے باعث کرنسی سمگلنگ میں اضافے کا خدشہ ہے۔

ای پیپر-دی نیشن