پاکستان سپر لیگ: اسلام آباد‘ کوئٹہ آج مدمقابل‘ لاہور میں فائنل کا فیصلہ 22 فروری کو ہو گا
لاہور(سپورٹس رپورٹر+ نمائندہ سپورٹس ) پاکستان سپر لیگ کا دوسرا مرحلہ آج سے شارجہ میں شروع ہوگا‘دفاعی چیمپئن اسلام آباد یونائٹیڈ اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیمیں رات نو بجے مد مقابل ہونگی ۔ دونوں ٹیمیں دوسرے ایڈیشن میں پہلی بار ایک دوسرے کا سامنا کرینگی ۔ پشاور زلمی پوائنٹس ٹیبل پر سر فہرست ہے ۔دوسرے مرحلے کے آٹھ میچز شارجہ کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلے جائیں گے۔ چیئرمین پی ایس ایل نجم سیٹھی کا کہنا ہے کہ فائنل میچ لاہور میں ہوگا اس بات کا فیصلہ 22 فروری کو ہوگا۔ ان کا کہنا تھا کہ نئی ڈرافٹنگ 22 کو ہو گی جس میں کھلاڑیوں سے پوچھا جائے گا کہ وہ فائنل لاہور میں کھیلنا چاہتے ہیں کہ نہیں۔ نجم سیٹھی کا کہنا تھا کہ شرجیل خان اپنے کیے پر شرمندہ ہیں۔ اور اپنے کیے کی معافی چاہتے ہیں۔ شرجیل خان کو دو روز میں شوکاز مل جائے گا۔ جائلز کلارک کی ای میل آئی ہے کہ وہ پاکستان کو سپورٹ کرتے ہیں ان کی سکیورٹی ٹیم پی ایس ایل کے فائنل میں آئے گی۔ آرمی چیف کے بیان سے ہمارے حوصلے بلند ہوئے۔ اینٹی کرپشن یونٹ کے تحت پکڑے جانیوالے کھلاڑیوں کے خلاف پی سی بی خود انکوائری کریگا۔ کھلاڑی خود بتا رہے ہیں۔ مزید کھلاڑیوں پر نظر رکھے ہوئے ہیں۔ غیر ملکی کوچ ایان پونٹ نے پاکستان سپر لیگ کا فائنل لاہور میں کرانے کی حمایت کردی۔ پونٹ کہا ہے کہ پی سی بی کرکٹ شائقین سے کیا گیا وعدہ پورا کرے۔ٹویٹر پیغام میں کہا کہ یہ ایک وعدہ تھا اور شائقین کرکٹ اس بات کے مستحق ہیں۔ انگلش فاسٹ بائولر ایسیکس سمیت سپر لیگ کے پہلے ایڈیشن میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے بائولرز کو بھی تربیت دے چکے ہیں،۔