تحریک پاکستان کے ممتاز رہنما سردار عبد الرب نشتر کی 59ویں برسی منائی گئی
اسلام آباد (آئی این پی) برصغیر کے عظیم رہنما سردار عبد الرب نشتر کو ہم سے بچھڑے انسٹھ برس بیت گئے ۔ تحریک پاکستان کے عظیم رہنما، مسلمانوں میں علم و ادب کے فروغ کا ذریعہ اور قائد اعظمؒ کے انتہائی با اعتماد ساتھیوں میں سے ایک سردار عبدالرب نشترنے تیرہ جون 1899 کو پشاور کے ایک کاکڑ خاندان میں آنکھ کھولی۔ 1918 میں مشن ہائی سکول سے میٹرک کا امتحان پاس کیا اور ایڈورڈ کالج سے گریجویشن کیا۔ 1925 میں علی گڑھ یونیورسٹی سے ایل ایل بی کی ڈگری حاصل کی۔ 1928 میں انڈین نیشنل کانگریس کے رکن کی حیثیت سے عملی سیاست میں قدم رکھا لیکن کانگریس کی دوغلی پالیسیوں سے متنفر ہو کر 1932 میں آل انڈین مسلم لیگ میں شمولیت اختیار کر لی۔ قرار داد مقاصد کی منظوری میں بھی سردار عبدالرب نشتر کا اہم کردار رہا۔ 2 اگست 1949 سے 24 نومبر1951ء تک گورنر پنجاب کے عہدے پر بھی فائز رہے۔ 14 فروری 1958 کی صبح تحریک آزادی کے اس بے لوث کارکن اور قائد اعظمؒ کے دیرینہ رفیق نے کراچی میں دنیا سے منہ موڑ لیا۔