پاکستان سے اچھے تعلقات چاہتے ہیں، سلامتی کو چیلنج ہوا تو سخت جواب دینگے: منوہر پاریکر
بنگلور (آئی این پی )بھارتی وزیر دفاع منوہر پاریکر نے کہا ہے کہ بھارت پاکستان کے ساتھ اچھے تعلقات چاہتا ہے، کوئی کسی بھی شک میں نہ رہے ہم مکمل طور پر تیار ہیں اگر کسی نے بھی بھارت کی سلامتی کے مفاد کو چیلنج کیا تو ہم اسکے خلاف ہر قسم کی کارروائی کریں گے، پاکستانی آرمی چیف جنرل باجوہ کا خیر مقدم کرتا ہوں جنہوں نے فورسز کو صورتحال سمجھنے کے قابل بنایا۔ بنگلور میں ایرو انڈیا نمائش کے موقع پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہماری تیاری جارحانہ نہیں بلکہ ایک آزاد مشق ہے۔ میں کیا کرتا ہوں اس پر پڑوسیوں کو فکر مند نہیں ہونا چاہیے۔ سرحد پر خاموشی کا مطلب یہ نہیں ہے کہ ہمیں تیار نہیں رہنا چاہیے۔ انہوں نے کہاکہ ہر کوئی اپنے پڑوسیوں سے اچھے تعلقات رکھ کر خوشحال ہوسکتا ہے۔ دریں اثناء ممبئی میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بھارتی وزیر مملکت برائے امور خارجہ ایم جے اکبر نے ہرزہ سرائی کی کہ دہشت گردی پاکستان کے ساتھ تعلقات کو معمول پر لانے میں سب سے بڑی رکاوٹ ہے۔ انہوں نے کہاکہ ہرچیز ممکن ہے لیکن ایک ہاتھ میں امن بات چیت کا متن اور دوسرے ہاتھ میں بندوق لے کر بات چیت ناممکن ہے۔ جب لوگ بندوق ترک کردیتے ہیں تو اقوام اور عوام خیرسگالی اور بقائے باہم کے راستے پر پیشرفت کرسکتے ہیں۔