• news

اسلام آباد :فضل الرحمٰن سے اسحاق ڈار کی ملاقات انتخابی اصلاحات جاری رکھنے پر اتفاق

اسلام آباد (نیوز ایجنسیاں+ نوائے وقت رپورٹ) وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار اور جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن نے ملک میں جمہوری اقدار کے فروغ کے لئے انتخابی اصلاحات کا سلسلہ جاری رکھنے پر اتفاق کیا ہے۔ منگل کو وزارت خزانہ کے ترجمان کے مطابق مولانا فضل الرحمٰن نے اسحاق ڈار سے ملاقات کی ۔ اس موقع پر وفاقی وزیر ہائوسنگ اینڈ ورکس اکرم درانی بھی موجود تھے ۔ ملاقات میں ملک کی موجودہ سیاسی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا ۔ ملاقات میں پارلیمنٹ میں قانون سازی اور انتخابی اصلاحات کے حوالے سے بھی تفصیلی گفتگو کی گئی۔ فضل الرحمٰن نے انتخابی اصلاحات کیلئے وزیرخزانہ اسحاق ڈار کی کاوشوں اور کردار کو سراہا۔ دونوں رہنمائوں نے اتفاق کیا کہ ملک میں جمہوری اقدار کے فروغ کے لئے انتخابی اصلاحات کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔ اعلامیہ کے مطابق ملاقات میں ملک کی سیاسی صورتحال اور پارلیمنٹ میں قانون سازی پر بات چیت کی گئی اس کے علاقوہ انتخابی اصلاحات پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ انتخابی اصلاحاتی عمل ملک میں جمہوری اقدار کی بہتری کا باعث ہو گا۔ ترجمان وزارت خزانہ نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت نے 5 نجکاری ٹرانزیکشن سرانجام دیں۔ نجکاری کے نتیجے میں ایک کھرب 72 ارب اور 87 کروڑ روپے ملے۔ یو بی ایل کے 19.8 فیصد شیئرز 38 ارب، پاکستان پٹرولیم کے 5 فیصد شیئرز 15 ارب، حبیب بنک کے 41.5 فیصد شیئرز ایک کھرب 2 ارب، الائیڈ بنک کے 11.46 فیصد شیئرز 14 ارب 44 کروڑ روپے میں فروخت ہوئے۔ نیشنل پاور کے 88 فیصد شیئرز 2 ارب 49 کروڑ روپے میں فروخت ہوئے۔

ای پیپر-دی نیشن