.مختصر مجمع میں خودکش حملہ آور کا گھسنا حکومت کی نااہلی ہے: اعتزاز
لاہور (وقائع نگار خصوصی) پیپلز پارٹی کے رہنما سینیٹر اعتزاز احسن نے کہا ہے کہ مختصر مجمع میں خودکش حملہ آور کا گھسنا حکومت کی نااہلی ہے۔ شریف برادران اپنی تشہیر کی بجائے عوام کی سکیورٹی پر توجہ دیں۔ گزشتہ روز لاہور ہائیکورٹ بار میں میڈیا سے گفتگو میں اعتزاز احسن نے کہا کہ لاہور مال روڈ خودکش حملے کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے۔ لاہور میں دہشت گردی کا پہلے سے خدشہ تھا تو فول پروف سکیورٹی کیوں نہیں فراہم کی گئی۔ حکومت لوگوں کے جان و مال کا تحفظ فراہم کرنے میں ناکام ہوگئی ہے۔ حکومت مسائل سے زیادہ وسائل پر توجہ دے رہی ہے، وہ لوگوں کے تحفظ کے بارے میں نہیں سوچ رہی۔ خود کش حملے سے فائدہ حکومت کو ہوگا، لوگ اب احتجاج کم کریں گے۔ صوبائی اور وفاقی وزرا خود کام کرتے نہیں اور ساری ذمہ داری اپوزیشن پر ڈال دیتے ہیں۔ وہ اس وقت گالم گلوچ بریگیڈ بن گئے ہیں۔ وارننگ کے باوجود مجمع کو تحفظ کیوں نہیں فراہم کیا گیا۔