افغانستان میں امن سے متعلق پاکستان سمیت 6 ممالک کے نمائندوں کا اجلاس آج ماسکو میں ہوگا
کابل/ماسکو(آئی این پی)افغانستان میں امن واستحکام کے حوالے سے پاکستان سمیت 6ممالک کے نمائندوں کا اجلاس آج بدھ کو روسی دارالحکومت ماسکو میں ہوگا۔افغان میڈیا کے مطابق وزارت خارجہ کا کہنا ہے کہ چھ ممالک کے نمائندے (آج ) بدھ کو افغانستان میں امن واستحکام کے معاملے پر بات چیت کیلئے ملاقات کریں گے ۔ وزارت میں پالیسی اور حکمت عملی کے محکمہ کے ڈائریکٹرافغانستان کی جانب سے اجلاس میں شریک ہونگے ۔اجلاس حکومت اور طالبان کے درمیان امن مذاکرات کیلئے ایک متبادل نہیں ہے ۔ترجمان افغان وزارت خارجہ شکیب مستغنی کا کہنا ہے کہ اس طرح کی میٹنگ کو افغانستان کے زیر اہتمام امن مذاکرات کے ساتھ تبدیل نہیں کیاجاسکتا لیکن اسے افغان حکومت کی امن عمل کیلئے کوششوں کی حمایت کرنے کیلئے تعاون کے طور پر دیکھا جاسکتا ہے ۔اجلاس میں افغانستان ،پاکستان ،روس،بھارت ،چین اور ایران کے نمائندے شریک ہونگے ۔