کوئٹہ: بم ناکارہ بناتے ہوئے پھٹنے سے شہید پولیس اہلکار سپرد خاک
کوئٹہ (آئی این پی) کوئٹہ کے علاقے سریاب پل کے قریب بم ناکارہ بنانے کے دوران دھماکے کے نتیجے میں شہید ہونےوالے اہلکاروں کی نماز جنازہ ادا کر دی گئی۔ نماز جنازہ میں چیف سیکرٹری بلوچستان اور انسپکٹر جنرل پولیس بلوچستان نے بھی شرکت کی۔ پیرکی شام کوئٹہ کے سریاب پل کے قریب بم ناکارہ بناتے ہوئے ہونے والے دھماکے میں بم ڈسپوزل سکواڈ کے دو اہلکار جاں بحق ہو گئے تھے۔ شہید اہلکاروں کی نماز جنازہ پولیس لائن میں ادا کردی گئی ہے، شہدا کی نماز جنازہ میں چیف سیکرٹری بلوچستان سیف اللہ چٹھہ، آئی جی پولیس بلوچستان احسن محبوب، ڈپٹی کمشنر کوئٹہ انجینئر عبدالواحد کاکڑ سمیت دیگر اعلیٰ سکیورٹی و سول حکام نے شرکت کی۔ پولیس کے مطابق سریاب فلائی اوور کے قریب پولیس کو مشکوک تھیلا کی موجودگی کی اطلاع ملی جس پر علاقے کو گھیرے میں لے کر بم ڈسپوزل سکواڈ کو طلب کیا گیا، بم ڈسپوزل سکواڈ کا عملہ بم کو ناکارہ بنا رہا تھا کہ دھماکہ ہوگیا۔ دھماکے کے نتیجے میں بم ڈسپوزل سکواڈ کے 2 اہلکار عبدالرزاق اور عبدالمجید موقع پر جاں بحق ہو گئے۔ رائٹرز کے مطابق بم دھماکے میں جاں بحق ہونے والوں میں بم ڈسپوزل سکواڈ کا کمانڈر بھی شامل ہے۔ علاوہ ازیں بارودی مواد ناکارہ بنانے کے دوران بم ڈسپوزل سکواڈ کے شہید عبدالرزاق کے آخری الفاظ ”ماں میرے لئے دعا کرنا“ بم ڈسپوزل سکواڈ کے اہلکار شہید عبدالرزاق کی والدہ نے کہا ہے کہ ان کو اپنے بیٹے کی شہادت پر فخر ہے، انہوں نے جان کا نذرانہ دیکر کئی لوگوں کی جانیں بچائیں۔ یہ بات شہید عبدالرزاق کی والدہ نے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہاکہ دھماکے سے قبل وہ گھر میں بھتیجے کے ساتھ کھیل رہا تھا وہ اپنے بھتیجے سے بہت پیار کرتا تھا جس کے بعد انہیں فون پر اطلاع ملی، انہوں نے جاتے ہوئے مجھ سے آخری بار یہی کہا کہ ماں میرے لئے دعا کرنا۔ وہ چلا گیا میرے بیٹوں میں وہ تیسرے نمبر پر تھا۔