ہائکیورٹ نے 4 یونیورسٹیوں میں قائم مقام وی سی کی تقرری کیخلاف اپیلوں پر فیصلہ محفوظ کر لیا
لاہور (وقائع نگار خصوصی) لاہور ہائیکورٹ نے پنجاب یونیورسٹی سمیت 4جامعات میں قائم مقام وائس چانسلر کی تقرریوں کو کالعدم قرار دینے کے سنگل بنچ کے فیصلے کے خلاف دائر اپیلوں پر کارروائی مکمل ہونے پر فیصلہ محفوظ کر لیا۔ چیف جسٹس سید منصور علی شاہ کی سربراہی میں دو رکنی بنچ نے سنگل بنچ کے فیصلے کے خلاف دائر اپیلوں پر سماعت کی۔ اپیل میں ہائیکورٹ کے سنگل بنچ کے فیصلے کو چیلنج کرتے ہوئے اسے کالعدم قرار دینے کی استدعا کی گئی۔ ایڈووکیٹ جنرل پنجاب شکیل الرحمٰن خان نے موقف اختیار کیا کہ صوبائی حکومت کو جامعات کے وائس چانسلرز تعینات کرنے کا اختیار ہے۔ اس لیے سنگل بنچ کے فیصلے کو کالعدم قرار دیا جائے۔ سنگل بنچ کے فیصلے کے خلاف پنجاب حکومت اور متعلقہ جامعات نے اپیلیں دائر کر رکھیں۔