• news

افغانستان میں آپریشن، داعش کے38 دہشت گرد ہلاک،52 کسان اغوا

کابل (آئی این پی+رائٹرز) افغان فورسز کے آپریشن میں داعش کے 38 دہشت گرد ہلاک اور 9زخمی ہوگئے جبکہ عسکریت پسندوں نے 52 کسانوں کواغواء کرلیا،ادھر شمالی صوبہ بلخ کی جیل میں آگ بھڑک اٹھی تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا،دوسری جانب نیٹو کے سیکرٹری جنرل نے کہا ہے کہ افغانستان میں ریزالیوٹ سپورٹ مشن کیلئے پرعزم ہیں طویل سالوں کی جدوجہد کے بعد افغانستان میں قومی فوج اور سکیورٹی فورسز کو اس قابل بنانے میں کامیاب ہوئے ہیں کہ وہ خود اپنے ملک کی حفاظت کرسکیں۔بدھ کو افغان میڈیا کے مطابق وزارت داخلہ کی طرف سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ مشرقی صوبہ ننگرہار میں سیکورٹی فورسز کی طرف سے شروع کیے گئے نئے آپریشن ’’شاہین 25‘‘ میں داعش کے 38دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔ ادھر شمالی صوبہ جائوزجان میں شدت پسندوں نے 52 ازبک کمیونٹی کے افراد کو اغواکرلیا۔مقامی حکام کا کہنا ہے کہ واقعہ ضلع دارزاب میں پیش آیا جہاں مسلح عسکریت پسندوں نے گائوں کے 52 افراد شہریوں کو اغواء کرلیا جن میں کسان اور دیگر افراد شامل ہیں۔ تاحال طالبان اور داعش سمیت کسی بھی مسلح گروپ کی جانب سے واقعے کی ذمہ داری قبول نہیں کی گئی۔ صوبائی پولیس چیف کے ترجمان نے دعوی کیا طالبان ملوث ہیں۔ ترجمان نے کہا طالبان سے مذاکرات کی کوشش کر رہے ہیں۔ نیٹو کے سیکرٹری جنرل جینز سٹولٹنبرگ نے کہا ہے کہ اتحاد اپنے افغانستان میں ریزالیوٹ سپورٹ مشن کیلئے مضبوطی سے پرعزم ہے۔برسلز میں دو روزہ نیٹو کے وزرائے دفاع کے اجلاس کے موقع پر پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے نیٹو کے سیکرٹری جنرل کا کہنا تھاکہ افغانستان میں ریزالیوٹ سپورٹ مشن کیلئے نیٹو پرعزم ہے۔افغانستان میں فوجیوں کی تعداد کے بارے میں امریکی خدشات کے حوالے سے ایک سوال کے جواب میں انھوں نے کہاکہ ہم افغانستان میںریزالیوٹسپورٹ مشن کیلئے مضبوطی سے کاربند ہیں۔ گزشتہ سال ریاست اور حکومت کے سربراہان نے افغانستان میں افغان نیشنل آرمی اور سکیورٹی فورسز کو فنڈز کی فراہمی اور افغانستان کے ساتھ سیاسی پارٹنر شپ کو فروغ دینے کیلئے ہماری فوجوں کی موجودگی جاری رکھنے کا فیصلہ کیا تھا۔ سٹولن برگ نے نیٹو اور اس کے شراکت داروںکا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہاکہ ہم طویل سالوں کی جدوجہد کے بعد افغانستان میں قومی فوج اور سکیورٹی فورسز کو اس قابل بنانے میں کامیاب ہوئے ہیں کہ وہ خود اپنے ملک کی حفاظت کر سکیں۔

ای پیپر-دی نیشن