• news

مٹیاری تا لاہور ٹرانسمشن لائن کی تعمیر چینی کمپنی کو خط لکھنے کی منظوری

اسلام آباد (آئی این پی ) پی پی آئی بی نے نجی شعبے میں 878 کلو میٹر طویل مٹیاری تا لاہور ٹرانسمیشن لائن کی تعمیر کے لئے چینی کمپنی کو اظہار دلچسپی کا خط جاری کرنے کی منظوری دے دی جس سے سندھ سے پنجاب میں بجلی کی سپلائی اور فراوانی میں استحکام آئے گا کیونکہ ملک کے اس حصے میں ہزاروں میگا واٹ بجلی کے منصوبے زیر تعمیر ہیں جن کے لئے نئی ٹرانسمیشن لائن کا ہونا لازمی ہے تاکہ بجلی کی ترسیل میں کوئی تکنیکی مشکلات درپیش نہ رہیں۔ پی پی آئی بی بورڈ کا اجلاس بدھ کو وفاقی وزیر پانی و بجلی خواجہ محمد آصف کی صدارت میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں ٹرانسمیشن لائن کے عملداری معاہدہ اور ٹرانسمیشن معاہدے کی بھی منظوری دی گئی۔ بورڈ نے گوادر میں کوئلہ سے چلائے جانے والے 3 سو میگا واٹ کے منصوبے کی تعمیر کی بھی منظوری دی۔ بورڈ کو بتایا گیا کہ نجی شعبے میں سب سے بڑی پن بجلی کے منصوبے کے مالیتی دستاویزات کی تکمیل ایک اہم سنگ میل ہے اور 870 میگا واٹ کا سکی کناری منصوبہ خیبر پختونخوا میں قائم کیا جائے گا۔

ای پیپر-دی نیشن