چینی صوبے سنکیانگ میں چاقوئوں سے حملے میں8 افراد ہلاک،10 زخمی
بیجنگ (اے پی پی+ صباح نیوز) چین کے صوبہ سنکیانگ میں نامعلوم مسلح افراد نے پرہجوم مقام پر چاقوؤں کے وار کر کے 8 افراد کو قتل کر دیا جبکہ پولیس کی جانب سے جوابی کارروائی میں 3 حملہ آوروں کو ہلاک کر دیا گیا۔ مقامی حکام کے مطابق یہ حملہ پیشان کائونٹی میں شام کے وقت ہوا اور پولیس حملے کے دوران ہی موقع پر پہنچ گئی تھی۔ اس حملے میں 10شہری زخمی بھی ہوئے ہیں۔ سنکیانگ مسلم ا کثریتی صوبہ ہے۔ یغور کمیونٹی کے لاکھوں شہری رہائش پذیر ہیں۔ تاحال اس حملے کی وجہ معلوم ہو سکی اور نہ ہی کسی گروہ نے ذمہ داری قبول کی ہے۔ چینی حکومت ماضی میں مسلم علیحدگی پسندوں کو ایسے حملوں کے لیے ذمہ دار ٹھہراتی رہی ہے۔ چین کے حکام نے دہشت گردی کے بڑھتے ہوئے خطرات کے پیش نظر شمال مغربی علاقے سنکیانگ پر بارڈر کنٹرول مزید سخت کرنے کا حکم دیا ہے۔ خیال رہے کہ چین کی اویغور اقلیتی برادری کی اکثریت سنکیانگ میں رہائش پذیر ہے اور خطے کی 45 فیصد آبادی یغور مسلمانوں پر مشتمل ہے۔ یہ خطہ گزشتہ کئی برس سے بے چینی اور بدامنی کا شکار رہا ہے۔