لاہور حملہ: سہولت کار کی تصویر جاری، ماسٹر مائنڈ کی نشاندہی، کمانڈر اختر حسن نے 6 دہشت گرد پاکستان بھیجے: ذرائع‘ سرچ آپریشن‘سینکڑوں گرفتار
لاہور + فیصل آباد (نامہ نگار + نمائندہ خصوصی) لاہور دھماکہ پر جے آئی ٹی نے باقاعدہ تحقیقات کا آغاز کردیا، جیوفینسنگ میں مشکوک کالز کی لوکیشن ٹریس کر لی گئیں جس کے بعد سی ٹی ڈی اور حساس اداروں کی ٹیمیں جنوبی پنجاب پہنچ گئی ہیں،دھماکے میں ملوث کالعدم تنظیم کے کمانڈراور ماسٹر مائنڈ کی بھی نشاندہی ہو گئی۔ جے آئی ٹی کے ارکان نے جائے وقوعہ کا دورہ کرنے کے ساتھ بیانات بھی قلمبند کئے ہیں۔ ذرائع کے مطابق دھماکے میں ملوث کالعدم تنظیم کے کمانڈراور دھماکے کے ماسٹر مائنڈ کی نشاندہی ہو گئی ہے ۔کمانڈر اختر حسن نے 6دہشتگردوں کو پاکستان بھیجا جن میں سے 4دہشتگرد لاہور اور 2دہشتگردسیالکوٹ چلے گئے۔انٹیلی جنس ذرائع نے انکشاف کیا کہ خودکش بمبار اور اس کے 3 ساتھیوں کو امین نے لاہور میں رہائش فراہم کی اور اختر خلیل اور امین دھماکے کے اہم کردار ہیں جن کی تلاش جاری ہے۔علاوہ ازیں پولیس کی طرف سے سرچ اینڈ سویپ آپریشن کا سلسلہ بھی جاری ہے ۔گزشتہ روز مختلف پولیس اسٹیشنز کی حدود میں آپریشن کے دوران شہریوں کے بائیو میٹرک کے ذریعے کوائف چیک کئے گئے اور شناخت ظاہر نہ کرا سکنے والے 100 سے زائد افراد کو حراست میں لے لیا گیا ہے۔ کاﺅنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ نے خودکش حملہ آور کے سہولت کار کی تصویر جاری کرتے ہوئے شناخت کرنے والے کے لئے 10لاکھ روپے انعام کا اعلان بھی کیا ہے۔ اسلام آباد میں پولیس رینجرز، انٹیلی جنس اداروں کے مشترکہ آپریشن میں 300 سے زائد گھروں کی تلاشی لی گئی 16 مشتبہ افراد کو حراست میں لیا گیا۔ فیصل آباد میں 231 افراد کی بائیومیٹرک ویری فیکشن کی گئی۔ شکر گڑھ میں 110 افغان باشندوں کو گرفتار کیا گیا۔