خواتین پارلیمانی گروپ کی کارکردگی سے اپوزیشن بہت مایوس
اسلام آباد (جاویدالرحمن‘ دی نیشن رپورٹ) اپوزیشن پارٹی خواتین پارلیمانی گروپ کی کارکردگی سے مطمئن نہیں ہے۔ بعض ارکان ایسا متوازی گروپ بنانا چاہتی ہیں۔ ذرائع کے مطابق ویمن پارلیمنٹری کاکس میں اختلافات پیدا ہوگئے ہیں۔ ڈبلیو پی سی کی سیکرٹری ایم این اے شائستہ پرویز ملک نے کہا کسی بھی سطح پر ویمن کاکس پر سیاسی طورپر اثرانداز نہیں ہونا چاہئے۔ متوازی گروپ بنانے کی باتیں افسوسناک ہیں۔ انہوں نے ان الزامات کو مسترد کر دیا کہ مذکورہ گروپ مسائل حل نہیں کر رہا۔ متوازی گروپ نہیں بن سکتا۔ پی پی پی پختہ پارٹی ہے اور پی ٹی آئی کے مو¿قف کی حمایت نہیں کرے گی۔ تحریک انصاف کی رہنما شیریں مزاری نے کہا اپوزیشن جماعتیں خواتین کے مسائل حل کرنے کیلئے متوازی گروپ بنانے کی منصوبہ بندی کر رہی ہیں کیونکہ موجودہ گروپ صرف مسلم لیگ (ن) کا ہی بن کر رہ گیا ہے۔ حکومتی خواتین ارکان اپوزیشن کا ساتھ نہیں دے رہیں۔ ایم این اے عارفہ خالد نے کہا کہ متوازی گروپ کیلئے کوششیں بے سود ثابت ہونگی۔ شازیہ مری نے کہا خواتین گروپ غیرمتحرک ہو گیا ہے۔ اس کی کارکردگی مایوس کن ہے۔
رپورٹ