بدعنوانی کو آہنی ہاتھوں سے روکنے کیلئے اجتماعی کوششوں کی ضرورت ہے: چیئرمین نیب
اسلام آباد (نامہ نگار) قومی احتساب بیورو (نیب) کے چیئرمین قمر زمان چوہدری نے کہا ہے کہ بدعنوانی ایک لعنت ہے جس سے آہنی ہاتھوں سے نمٹنے کیلئے اجتماعی کوششوں کی ضرورت ہے، نیب افسران بدعنوانی کی روک تھام کو اپنا قومی فرض سمجھ کر ادا کریں اور اس لعنت کی روک تھام کیلئے اپنی کوششوں کو دوگنا کریں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے نیب کے ملتان علاقائی بیورو کی سالانہ کارکردگی کا جائزہ لینے کے دوران کیا۔ نیب کی چیئرمین انسپکشن اینڈ مانیٹرنگ ٹیم کو نیب ملتان علاقائی بیورو کی 2016ءکی سالانہ کارکردگی کا جائزہ لینے کے لئے ذمہ داری سونپی کی گئی تھی، ٹیم نے 14 اور 16 فروری کے دوران سالانہ کارکردگی کا جائزہ لیا تاکہ چیئرمین نیب کی طرف سے نئے شروع کئے گئے مقداری گریڈنگ سسٹم کی بنیاد پر ملتان بیورو کی کارکردگی کا جائزہ لیا جا سکے۔ واضح رہے کہ قمر زمان چوہدری نے چیئرمین نیب کا عہدہ سنبھالنے کے فوری بعد جہاں نیب میں بہت ساری اصلاحات متعارف کرائیں وہاں انہوں نے نیب کے تمام علاقائی دفاتر اور نیب ہیڈکوارٹر کی سالانہ کارکردگی کا جائزہ لینے کیلئے معیاری گریڈنگ کا نظام وضع کیا۔ چیئرمین مانیٹرنگ اینڈ انسپکشن ٹیم کو نیب کے تمام علاقائی بیوروز کی کارکردگی کا جائزہ لینے کی ذمہ داری سونپی گئی۔ اس نظام کے تحت نیب کے تمام بیوروز کی سالانہ کارکردگی کا جائزہ لیا جا رہا ہے رواں سال اب تک نیب کے کراچی، راولپنڈی، سکھر، کے پی کے اور لاہور بیوروز کی کارکردگی کا جائزہ لیا جا چکا ہے۔ چیئرمین مانیٹرنگ اینڈ انسپکشن ٹیم نے نیب ملتان بیورو کی سال 2016ءکی کارکردگی کا جائزہ لیا۔ انہوں نے انسپکشن سے متعلق چیئرمین نیب کو بریفنگ دی اور ملتان بیورو کی خوبیوں اور خامیوں سے آگاہ کیا تاکہ مستقبل میں ان خامیوں پر قابو پایا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ نیب زیرو ٹالرنس کی پالیسی پر عمل کرتے ہوئے ملک بھر سے بدعنوانی کے خاتمہ کیلئے پرعزم ہے۔ قمر زمان چوہدری نے کہا کہ بدعنوانی کے خاتمہ کی کوششوں کا اعتراف پلڈاٹ اور ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل نے کیا ہے۔ انہوں نے ڈی جی نیب ملتان بیورو بریگیڈیئر (ر) فاروق نصیر اعوان کی قیادت میں نیب ملتان بیورو کی کارکردگی کو سراہا اور نیب کے تمام افسران کو ہدایت کی کہ وہ اپنی کارکردگی کو مزید بہتر بنائیں۔ انہوں نے نیب ملتان کے افسران کو ہدایت کی کہ وہ ملک سے بدعنوانی کے خاتمہ کیلئے میرٹ اور شواہد پر قانون کے مطابق اپنے فرائض سرانجام دیں۔ انہوں نے چیئرمین مانیٹرنگ اینڈ ایوولیشن ٹیم کے کام کو بھی سراہا۔
چیئرمین نیب