• news

:::مزید سولہ جے ایف 17 تھنڈر لڑاکا طیارے فضائیہ میں شامل کر لئے گئے

اسلام آباد(سٹاف رپورٹر) ملکی ساختہ مزید سولہ جے ایف 17 تھنڈر لڑاکا طیارے جمعرات کے روز پاک فضائیہ میں شامل کر لئے گئے ہیں۔ طیاروں کو پاکستان ائرفورس کے چودہویں سکوارڈن میں شامل کرنے کی تقریب کامرہ ائربیس پر منعقد ہوئی جس میں وزیر دفاع خواجہ آصف نے بطور خصوصی مہمان شرکت کی۔تقریب میں ائر چیف مارشل سہیل امان سمیت پاک فضائیہ کے اعلیٰ افسران بھی شریک تھے۔ وزیر دفاع کی آمد پر انہیں سلامی پیش کی گئی۔نئی خصوصیات اور جدید آلات سے آراستہ جے ایف 17 تھنڈر طیارے پاکستان اور چین کے اشراک سے تیار کئے گئے ہیں۔تقریب کے دوران طیاروں نے فلائنگ پاسٹ کا بھی مظاہرہ کیا جبکہ خواجہ آصف نے طیارے میں بیٹھ کر اس کا جائزہ لیا۔چین کی مدد سے ایرو ناٹیکل کمپلیکس کامرہ میں تیار کئے جانے والے جے ایف 17 تھنڈر کم وزن کے حامل کثیرالمقاصد طیارے ہیں جو آواز سے دوگنا زائد رفتار سے پرواز کر سکتے ہیں۔ پاک فضائیہ کے پاس پہلے ہی 70جے ایف 17 تھنڈر طیارے موجود ہیں۔ یہ طیارے بلاک ون اور بلاک ٹو ماڈلز کے ہیں جبکہ قومی امکان ہے اس سال بلاک تھری طیارے بھی فضائیہ کو مل جائیں گے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے خواجہ آصف نے کہا کہ پاکستان کسی بھی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کی بھرپور صلاحیت رکھتا ہے۔
جے ایف تھنڈر

ای پیپر-دی نیشن