پی پی کا آج لاہور میں جلسہ منسوخ، پنجاب حکومت نے اجازت نہیں دی: کائرہ
لاہور (خبر نگار)پیپلز پارٹی کے سیکرٹری اطلاعات چوہدری منظور احمد اور صدر پی پی پی سنٹرل پنجاب قمر زمان کائرہ نے آج کا ٹاﺅن شپ جلسہ منسوخ کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ پنجاب حکومت نے دہشت گردی کو جواز بناتے ہوئے اس جلسہ کو سکیورٹی رسک قرار دے کر جلسہ کرنے کی اجازت نہیں دی۔ اس لئے کارکنوں کی جانوں کو مقدم جانتے ہوئے یہ جلسہ منسوخ کیا جاتا ہے۔ اس جلسہ کا اہتمام پارٹی راہنما اسلم گڑا نے کیا تھا۔ پریس کانفرنس سے خطاب میں دونوں رہنماﺅں نے کہا کہ پی پی پی کے جیالے کسی سے ڈرنے والے نہیں اور قربانی دینے سے گریز نہیں کرتے مگر پھر بھی ان کی جانےں ہمارے لیے بہت مقدم ہیں۔ یاد رکھا جائے جب بھی پی پی پی قیادت پنجاب میں جلسے اور ریلیاں نکالنے کا سوچتی ہے تو سکیورٹی رسک شروع ہو جاتا ہے۔ ہم دہشتگردوں کی اور حکومتی سوچ دونوں کی مذمت کرتے ہیں۔ ہماری قیادت کے باہر نکلتے ہی سکیورٹی کے مسائل شروع ہو جاتے ہیں۔ این این آئی کے مطابق کہا کہ سکیورٹی ادارے اور عوام قربانیاں دے رہے ہیں جبکہ حکمران انتہا پسندانہ سوچ کے خلاف کھڑے ہونے کو تیار نہیں، ضرورت پڑنے پر پنجاب میں رینجرز آنی چاہئے۔ بلاول بھٹو کو سکیورٹی رسک تھا لیکن وہ پھر بھی باہر نکلے۔ پیپلزپارٹی کو کبھی لیول پلیئنگ فیلڈ نہیں ملا امید کرتے ہیں کہ 2018ءمیں ملے گا۔ قمر زمان کائرہ نے کہا کہ ہماری فوج، پولیس، رینجرز اور عوام قربانیاں دے رہے ہیں لیکن حکمران اپنا کام نہیں کر رہے، نیشنل ایکشن پلان پر عمل درآمد نہیں ہو رہا۔ عدالتیں، فوج، سیاسی جماعتیں اور میڈیا بھی نیشنل ایکشن پلان پر عمل نہ ہونے پر تشویش کا اظہار کر رہے ہیں۔ حکومت دل سے اپنی فوج کے ساتھ نہیں کھڑی اگر ایسا ہوتا تو دہشت گردی نہ ہوتی۔ ہماری حکومت اپنی فوج اور پولیس کے ساتھ کھڑی ہوئی ہم نے تین ماہ میں سوات آپریشن کرکے جنگ جیتی۔ حکمران انتہا پسندانہ سوچ کے خلاف کھڑے ہونے کو تیار نہیں اور حکمرانوں کی صفوں میں موجود لوگوں کا انتہا پسندوں سے رشتے اور رابطے ہیں۔ کچھ پولیس افسر شریف برادران کی نوکریاں کرتے ہیں، نوکریاں اور پوسٹنگ اتنی اہم نہیں کہ ضمیروں کے سودے کریں۔ ہم اپنی فورسز کو تعاون کا یقین دلاتے ہیں۔ دو تین دنوں کے واقعات سے حکومت کے ہاتھ پاﺅں پھول چکے ہیں، کومبنگ آپریشن حکومتی پارٹی کے اندر اور حکومت کی حمایت یافتہ کالعدم تنظیموں کے خلاف بھی ہونا چاہیے۔
کائرہ