قائمہ کمیٹی کا وزارت اطلاعات و نشریات کے ذیلی اداروں کی ناقص کارکردگی پر اظہار ناراضی
اسلام آباد( وقائع نگار خصوصی) قومی اسمبلی کی مجلس قائمہ برائے اطلاعات نشریات اور قومی ورثے کے اجلاس میںوزارت اطلاعات و نشریات کے ماتحت اداروں کی ناقص کارکردگی پر ناراضی کا اظہار کیا اور کہا کئی برسوں سے جاری ترقیاتی منصوبے کیوں مکمل نہیں ہو سکے جس پر طلال چودھری نے کہا منصوبے اس لئے مکمل نہیں کئے جاتے کہ بل بنتے رہیں۔ ناقص کارکردگی پر چیئرمین کمیٹی نے افسران کو وارننگ جاری کرنے کی ہدایت کردی۔ وزارت اطلاعات حکام نے کہا پلاننگ سے بروقت فنڈز ریلیز نہ ہونے کے باعث پروجیکٹ تاخیر کا شکار ہوتے ہیں۔ طلال چودھری نے پی ٹی وی کی کارکردگی پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ’’ہم پی ٹی وی کے لئے بلوں میں بھی پیسے دیتے ہیں مگر کیمرے ابھی تک 1980 والے ہی ہیں، کروڑوں روپے یوٹیلٹی بلز کے ذریعے عوام سے لئے جاتے ہیں پھر بھی حکومت سے فنڈ مانگا جاتا ہے۔ آج وزیرمملکت برائے اطلاعات کو کمیٹی اجلاس میں آنا چاہیے تھا۔ مجلس قائمہ نے مالی سال 2017-18 کے پی ایس ڈی پی کیلئے وفاقی وزارت اطلاعات کے مجموعی طور پر40منصوبوں کیلئے3 ارب80 کروڑ روپے کے فنڈز کی منظوری دے دی۔