• news

رینجرز ہر کڑے امتحان کے مدمقابل سینہ سپر رہے گی: میجر جنرل اظہر نوید

لاہور (خصوصی رپورٹر) ڈائریکٹر جنرل پاکستان رینجرز پنجاب میجر جنرل اظہر نوید حیات خان نے سکیورٹی کی موجودہ صورت حال کے تناظر میںہر سطح پر اقدامات میں بہتری پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان رینجرز ہر نوع کے کڑے امتحان کے مد مقابل سینہ سپر رہے گی اور داخلی سلامتی کے دیگر اداروں کے شانہ بشانہ قومی امن کو درپیش خطرات سے نبردآزما رہے گی۔ یہ باتیں انہوں نے سیکٹر کمانڈر کانفرنس کے اجلاس خطاب کرتے ہوئے کیں جس میں تمام سیکٹر کمانڈر اور پرنسپل سٹاف افسران شریک ہوئے۔ اجلاس میں انتظامی، تربیتی، فلاحی اور پیشہ ورانہ تیاریوں سے متعلقہ اُمور کا جائزہ لیا گیا۔ پنجاب رینجرز کے ڈائریکٹر جنرل نے تربیت اور عسکری تیاریوں کے معیار کو سراہا اور کمانڈران کو ممکنہ آزمائشوں سے نمٹنے کے لئے تمام تر صلاحیتیں بروئے کار لانے کی ہدایت کی۔ ڈی جی نے ورکنگ بائونڈری پر تعینات جوانوں اور افسروں کے عزم و حوصلہ اورپیشہ وارانہ مہارت کو سراہا اورسرحد پار سے بلا اشتعال فائرنگ کی صورت میں بھر پور جوابی کارروائی کی ہدایت کی۔ علاوہ ازیں ملکی سلامتی کو درپیش خطرات اور دہشت گردی کی حالیہ لہر پرگفتگو کے دوران پیشہ ورانہ فرائض کے حوالے سے مزید چوکس رہنے کی ہدایت کی۔ 

ای پیپر-دی نیشن