• news

بلدیاتی سربراہوں کے اعزازیہ کا تعین جلد کر دیا جائیگا: رانا ثناء اللہ

لاہو( خصوصی رپورٹر ) صوبائی وزیر قانون و پارلیمانی امور رانا ثناء اللہ خاں نے کہا ہے کہ صوبے کی ترقی کے لیے نو منتخب بلدیاتی نمائندگان کو ذاتی مفاد سے بالا تر ہو کر اجتماعی خدمت کے جذبے سے سر شار ہو کر کام کرنا ہوگا۔ بلدیاتی اداروں کے منتخب سربراہان کے اعزازیہ کا تعین جلد کردیا جائیگا۔ پنجاب ایوارڈ کمیشن کے تحت لوکل گورنمنٹ کی مد میں ملنے والی رقم 17 ارب روپے سے بڑھا کر 43.2 ارب روپے کردی گئی ہے۔ بلدیاتی نمائندوں کی رہنمائی کیلئے محکمہ بلدیات ہیلپ لائن قائم کرے تاکہ انھیں بر وقت اور مستند مشورہ میسر آسکے۔ وہ نیشنل انسٹیٹیوٹ آف مینجمنٹ میں بلدیاتی نمائندگان کے تربیتی کورس کی اختتامی تقریب کی صدارت کررہے تھے۔ اس موقع پر سیکرٹری بلدیات اسلم کمبوہ اور ڈائریکٹر جنرل انسٹیٹیوٹ محمد نعیم الحق بھی موجود تھے۔ رانا ثنا ء اللہ خاں نے کہا کہ بلدیاتی نمائندگان یہ بات ذہن نشین کرلیں کہ انہیں حقیقی پذیرائی عوام کی خدمت سے ملے گی نہ کہ سہولیات اور اختیارات کی کھینچا تانی سے۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں میگا پرا جیکٹس کی حد تک تو قابل ذکر کام ہوا ہے تاہم گلی محلہ کی ترقی کو نظر انداز نہیں کیا جا سکتا۔انہوں نے کہا کہ میاں محمد شہباز شریف حکومت نے عوامی امنگوں کی صحیح ترجمانی کرتے ہوئے بلدیاتی نمائندوں کو شہر ی و دیہی ترقی کا ٹاسک سونپا ہے۔ بلدیاتی نمائندے اپنے حلقہ میں تجاوزات ، غذائی ملاوٹ، بلڈنگ بائی لاز کی خلاف ورزی اور خطرناک اشیاء کی نقل و حرکت پر بھی نظر رکھنے کے پابند ہونگے۔ وزیر قانون نے کہا کہ میئر، ڈپٹی میئر ، ڈسٹرکٹ اینڈ میونسپل کارپوزیشنز کے چیئر مین اور وائس چیئر مین منتخب ہونے پر یونین کونسلزکے چیئر مین اپنی بنیادی انتخابی سیٹ برقرار رکھ سکیںگے۔قبل ازیں رانا ثناء اللہ خاں نے کور س کے اختتام پر شرکاء کورس میں سر ٹیفکیٹ تقسیم کیے۔

ای پیپر-دی نیشن