• news

قائمہ کمیٹی، سائنس اینڈ ٹیکنالوجی ترمیمی بل منظور، کامسیٹس یونیورسٹی کا معاملہ مؤخر

اسلام آباد(آن لائن) سینٹ قائمہ کمیٹی سائنس و ٹیکنالوجی نے پاکستان کونسل آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی بل2016 کی ترامیم کے بعد منظوری دے دی۔ جبکہ کامسیٹس یونیورسٹی اسلام آباد بل 2017کا مزید جائزہ لینے کے لیے آئندہ اجلاس تک معاملہ موخر کردیا اور کامسیٹس یونیورسٹی اسلام آباد بل 2017 میں وزارت سائنس ٹیکنالوجی کی طرف سے وزارت قانون میں کرائی گئی ترامیم کے حوالے سے ذیلی کمیٹی تشکیل دے کر انکوائر ی رپورٹ طلب کرلی۔ قائمہ کمیٹی کا اجلاس چیئرمین کمیٹی سینیٹر عثمان سیف اللہ خان کی صدارت میں پارلیمنٹ ہاؤس میں منعقد ہوا۔ وزیر سائنس ٹیکنالوجی رانا تنویر حسین نے کہا کہ کامسیٹس یونیورسٹی اسلام آباد بل 2017 کا تمام سٹیک ہولڈر ز کے ساتھ تفصیلی جائزہ لے کر بل تیار کیا ہے اور اگر قائمہ کمیٹی کوئی ترامیم تجویز کرتی ہے تو اس کو شامل کیا جائے گا۔ بل کو منظوری کے لیے وزارت قانون کے پاس بھیجا تھا اور وہاں جو ترامیم کی گئیں تھیں وہ ہمارے علم میں نہیں تھی۔ وزارت کے جن لوگوں کے بارے میں کہا گیا ہے کہ انہوں نے ترامیم کرائی ہیں۔ انہوں نے تسلیم کرنے سے انکار کردیا ہے۔ انکوائری رپورٹ قائمہ کمیٹی کو فراہم کردی جائے گی۔ قائمہ کمیٹی نے پاکستان کونسل آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کے بورڈ آف گورنرزمیں دونوں ایوانوں کے ایک ایک ممبران شامل کرنے اور چاروں صوبوں اور وفاق سے ایک ایک سائنسدان شامل کرنے کی سفارش کر دی۔ بورڈ کے ممبران میں سیکرٹری منصوبہ بندی کی غیر حاضری کی صورت میں ایڈیشنل سیکرٹری کی شرکت کی بھی سفارش کی اور بورڈ کی سال میں کم از کم دو اجلاس کرانے اور دس ارکان پر مشتمل بورڈ کی میٹنگ کا کورم کی تجویز بھی دی۔ بورڈ کے ممبران کی تعداد27 ہو گی۔ قائمہ کمیٹی نے متعدد ترامیم کے بعد بل کی متفقہ طور پر منظور ی دے دی۔ کمیٹی کے آج کے اجلاس میں سینیٹرز میاں محمد عتیق شیخ، سردار فتح محمد محمد حسنی، سلیم مانڈوی والا کے علاوہ وزیر برائے سائنس اینڈ ٹیکنالوجی رانا تنویر حسین، سیکرٹری سائنس اینڈ ٹیکنالوجی، چیئرمین پی سی ایس ٹی، چیئرمین پی ایس ایف، اسسٹنٹ ڈرافٹ میں وزارت قانون و دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔

ای پیپر-دی نیشن