نیب بدعنوانی کے خاتمہ میں کوئی کسر اٹھا نہیں رکھے گا: قمر زمان
اسلام آباد (اے پی پی) قومی احتساب بیورو (نیب) کے چیئرمین قمر زمان چودھری نے کہا ہے کہ بدعنوانی کا خاتمہ نیب کی اوّلین ترجیح ہے۔ نیب بدعنوانی کے خاتمہ میں کوئی کسر اٹھا نہیں رکھے گا۔ نیب کی کوششوں سے دنیا بھر میں پاکستان کا نام معتبر ٹھہرا ہے۔ چین پاکستان اقتصادی راہداری میں شفافیت یقینی بنانے کیلئے نیب نے چین کے ساتھ مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کئے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے نیب ملتان بیورو کی دو روزہ انسپکشن کے بعد افسران سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ نیب نے انسداد بدعنوانی کی مؤثر پالیسی اختیار کی ہے جو کامیاب رہی ہے اور اسکے مثبت نتائج آئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ انتظامیہ نے 2014ء سے نیب کے تمام علاقائی بیوروز اور ہیڈکوارٹرز کی انسپکشن کا عمل شروع کیا ہے تاکہ وہ سالانہ انسپکشن دوران سامنے لائی گئی خامیوں پر قابو پا سکیں۔ تمام علاقائی بیوروز کی انسپکشن کی جا رہی ہے جو کہ فروری 2017ء تک مکمل کر لی جائیگی۔ انہوں نے کہا کہ نیب افسران بدعنوانی کی روک تھام کو اپنا قومی فرض سمجھ کر اسکی روک تھام کیلئے اپنی کوششیں دوگنا کریں۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ اڑھائی سال کے اعدادوشمار سے ظاہر ہوتا ہے کہ نیب کے تمام شعبوں کے افسران اپنے فرائض مؤثر انداز میں سرانجام دے رہے ہیں۔ وہ بدعنوانی کی روک تھام کو اپنا قومی فرض سمجھ کر ادا کر رہے ہیں۔ نیب میں شکایات کے اندراج میں اضافہ سے عوام کا نیب پر اعتماد کا اظہار ہوتا ہے۔ نیب نے فرانزک سائنس لیبارٹری قائم کی ہے ۔ نیب نے شکایات کی جانچ پڑتال سے تحقیقات، انویسٹی گیشن اور احتساب عدالتوں میں ریفرنس دائر کرنے کیلئے 10 ماہ کا عرصہ مقرر کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان سارک اینٹی کرپشن فورم کا سربراہ بن چکا ہے۔ نیب کی بدعنوانی کی روک تھام کی کوششوں سے یہ کامیابی حاصل ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ چین پاکستان اقتصادی راہداری میں شفافیت یقینی بنانے کیلئے نیب نے چین کے ساتھ مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کئے ہیں۔