• news

ممبر آئل اوگرا کی تعیناتی اسلام آباد ہائیکورٹ نے وزیراعظم کے احکامات معطل کر دئیے

اسلام آباد (آن لائن) اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس شوکت عزیز صدیقی پر مشتمل سنگل بنچ نے ممبر آئل اوگرا کی تعیناتی بارے وزیراعظم کے احکامات معطل کردیئے اور وزارت پٹرولیم کو مذکورہ کی تعیناتی کیلئے ازسرنو آسامی مشتہر کرنے سے بھی روک دیا اور حکم دیا ہے کہ سابقہ شارٹ لسٹ کئے گئے تین رکنی پینل میں سے کسی امیدوار کو ہی تعینات کیا جائے۔ عدالت عالیہ نے وزارت پٹرولیم کے ذریعے وزیراعظم کو حکم دیا کہ ممبر آئل اوگرا دیانتدار، اہل ا ور کسی ماہر شخص کو تعینات کیا جائے۔ حکومت کیخلاف یہ مقدمہ اوگرا کے سابق افسر یٰسین نے عدالت میں دائر کیا تھا۔ تفصیلات کے مطابق نواز شریف حکومت نے سابق ممبر آئل صابر کی ریٹائرمنٹ کے بعد آسامی کی تعیناتی کے لئے اخبار میں اشتہار دیا تھا اور متعدد افراد نے آسامی کیخلاف درخواستیں دی متعلقہ بورڈ نے صرف تین افراد جن میں غلام یٰسین،زین العابدین اور عبدالملک کو سلیکٹ کرکے سمری وزیراعظم کو بھیجی لیکن نواز شریف نے تین ناموں پرمشتمل پینل میں سے کسی ایک شخص کو بھی ممبر لگانے کی بجائے آسامی کیلئے نیا اشتہار دینے کا حکم صادر کردیا۔ وزارت پٹرولیم نے بھی حکم پر عمل کرتے ہوئے نیا اشتہار دے دیا جس کو اوگرا کے سابق افسر اور سلیکٹ تین ناموں میں سے ایک امیدوار یٰسین نے چیلنج کر دیا تھا۔ 

ای پیپر-دی نیشن