حوثیوں نے درجنوں امدادی جہازوں پر قبضہ کرکے عملہ یرغمال بنا لیا : مصری بحریہ
صنعاء(اے پی پی) مصری بحریہ کے جنگی جہازوں کو حاصل صوتی ریکارڈنگ سے اس امر کی تصدیق ہوئی ہے کہ حوثیوں نے درجنوں امدادی جہازوں اور ان کے عملہ کو یرغمال بنا رکھا ہے۔ حوثی ملیشیا نے ضرورت مندوں کے لیے امدادی سامان لانے والے بحری جہازوں کو روکنے کا سلسلہ جاری رکھا ہوا ہے۔یمنی ساحل پر خوراک اور طبی مواد سے لدے درجنوں امدادی جہازوں کی موجودگی کے باوجود شہری انسانی بحران سے دوچار ہیں۔عرب اتحادی افواج کے ترجمان بریگیڈیئر جنرل احمد عسیری کے مطابق حوثی اب تک 34 امدادی جہازوں کو الحدیدہ کی بندرگاہ میں داخل ہونے سے روک چکے ہیں۔ بعض جہاز بندرگاہ میں داخل تو ہو گئے مگر حوثیوں نے ان پر قبضہ کر کے واپس جانے سے روک دیا جبکہ ان کا عملہ لاپتہ ہے۔