ہمیں بریگزٹ کا دوبارہ جائزہ لینا ہو گا : ٹونی بلیئر
لندن(این این آئی+اے پی پی )سابق وزیرِ اعظم ٹونی بلیئر نے برطانوی عوام کو یورپی یونین سے علیحدگی کے معاملے پر ذہن تبدیل کرنے کے لیے مائل کرنے کو اپنا مشن قرار دیتے ہوئے کہاہے کہ لوگوں نے ریفرنڈم میں 'بریگزٹ کی شرائط کے بارے میں معلومات کے بغیرووٹ دیا تھا ۔ وہ کھائی میں گرنے سے بچنے کا راستہ ڈھونڈنے کے لیے حمایت اکٹھی کر رہے ہیں۔انہوں نے کہاہمارا چیلنج یہ ہے کہ ہم اس فیصلے کی اصل قیمت سامنے لائیں اور بتائیں کہ یہ کیسے ناکافی علم پر مبنی تھا۔ اس بات کا حساب لگانا آسان ہو گا کہ اس سے ملک اور اس کے شہریوں کو کیا نقصان اٹھانا پڑے گا۔ بلیئرنے کہاکہ وہ جون میں ہونے والے ریفرنڈم کے نتائج قبول کرتے ہیں لیکن وہ تجویز کرتے ہیں کہ اب 'جب ہمیں واضح طور پر پتہ چل گیا ہے کہ ہم کہاں جا رہے ہیں' تو ہمیں بریگزٹ کا دوبارہ جائزہ لینا چاہیے۔ حکومتی ترجمان نے کہا کہ برطانوی عوام نے اپنا موقف 23 جون کو واضح انداز میں پیش کر دیا اور اب 'کوئی دوسرا ریفرنڈم نہیں ہو گا۔'