• news

سی پیک ہضم نہیں ہو رہا، دہشتگرد افغانستان سے آرہے ہیں: مشاہد اللہ

اسلام آباد (صباح نیوز) سابق وفاقی وزیر سینیٹر مشاہد اللہ خان نے کہا ہے کہ سی پیک خطے کے لئے گیم چینجر منصوبہ ہے، منصوبے کے تحت 13سو کلو میٹر سڑکیں تعمیر ہو چکی ہیں، دہشتگردی میں وہ لوگ ملوث ہیں جن کو پاکستان کا تیزی سے ترقی کرنا برداشت نہیں۔ پارلیمنٹ ہاﺅس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ملک میں بڑھتے ہوئے دہشت گردی کے واقعات میں وہ ممالک ملوث ہیں جن کو سی پیک منصوبہ ہضم نہیں ہو رہا، اس منصوبے کی تکمیل سے وہ ممالک خوفزدہ ہیں جو دنیا پر طویل عرصہ سے حکمرانی کر رہے ہیں اور اپنے ہاتھ سے پاور نکلتے دیکھ کر پاکستان کے اندر سی پیک کا راستہ روکنے کیلئے دہشتگردی کرا رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ افغانستان کے ساتھ بارڈر کو سیل کر دیا گیا، سارے دہشت گرد افغانستان سے ہی آ رہے ہیں،کالعدم فضل اللہ، لعل شہباز قلندر کے مزار پر حملے میں ملوث ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت اور پاکستان کا سب سے بڑا مسئلہ کشمیر ہے، دہشت گردی پاکستان پر مسلط کی گئی جس سے نبرد آزما ہو رہے ہیں، سیکیورٹی فورسز ، پولیس اور عوام نے اپنی جانوں کا نذرانہ دیا، جان دینا مذاق نہیں، افغانستان کی حکومت پاکستان کے خلاف کام کر رہی ہے۔ وزیر اعظم سی پیک کے راستہ سے ایک قدم پیچھے نہیں ہٹیں گے۔ 

ای پیپر-دی نیشن