• news

دہشتگردوں کی پاکستانی فہرست پر کام کیلئے تیار ہیں:افغان آرمی چیف

راولپنڈی/ کابل/ لاہور/ کرم ایجنسی (نامہ نگاران+ سٹاف رپورٹر+ نیوز ایجنسیاں+ نوائے وقت رپورٹ) پاکستان میں دہشت گردی کیلئے افغان سرزمین استعمال ہونے اور کابل انتظامیہ کی جانب سے کوئی کارروائی نہ ہونے کے بعد پاک فوج نے جماعت الاحرار کے ٹھکانوں پر مسلسل دوسرے روز بھی گولہ باری کی جس سے اسکے متعد د ٹھکانے تباہ ہونے کی اطلاعات ہیں۔ اہم کمانڈر سمیت 22 دہشت گرد ہلاک ہونے کی اطلاعات ہیں۔ دوسری جانب ملک بھر میں کومبنگ آپریشن جاری ہے۔ ڈی آئی خان میں 3 دہشت گرد ہلاک ہوگئے جبکہ مزید سینکڑوں گرفتاریاں بھی ہوئی ہیں۔ پاک فوج نے دوسرے روز بھی افغانستان کے علاقے رینا میں موجود دہشت گردوں کے ٹھکانوں پر گولہ باری کی۔ ننگرہار اور کنڑ کے مختلف علاقوں نازیان، دیبالا، شنوکرا، کنڑ خاص اور بی بی درہ میں بمباری کی گئی۔ دوسری جانب افغان خبر رساں ایجنسی کے مطابق پاک فوج کی کارروائی پر افغان حکومت نے افغانستان میں تعینات پاکستانی سفیر کو طلب کرکے احتجاج ریکارڈ کر ایا۔ گزشتہ روز بھی سکیورٹی فورسز نے ٹارگٹڈ کارروائیاں کرتے ہوئے 17 دہشت گردوں کو ہلاک کیا تھا۔ کارروائی میں کالعدم جماعت الاحرار کے ڈپٹی کمانڈر عادل باچا کے کیمپ سمیت دہشت گردوں کے 4 ٹھکانے اور ایک ٹریننگ کیمپ تباہ ہوگیا تھا۔ افغان وزارت خارجہ کے بیان کے مطابق کابل میں پاکستانی سفیر ابرار حسین کو وزارت خارجہ میں طلب کیا گیا، افغانستان کے نائب وزیر خارجہ حکمت خیل کرزئی نے ان سے ملاقات کی اور افغانستان کے صوبوں کنڑ اور ننگرہار میں پاک فضائیہ کی بمباری پر تشویش کا اظہار کیا۔ افغان وزیر نے پاکستان میں ہونے والے خودکش حملوں کی بھی شدید الفاظ میں مذمت کی۔ حکمت خیل نے کہا افغان حکومت چاہتی ہے کہ پاکستان اپنی سرزمین پر چھپے دہشت گردوں کیخلاف سخت کارروائی کرے۔ انھوں نے طورخم اور چمن سے پاک افغان سرحد کھولنے کا مطالبہ بھی کیا اور کہا کہ گرفتار 150 افغانوں کو رہا کیا جائے۔ اس موقع پر ابرار حسین نے کہا کہ وہ افغان تحفظات اپنی حکومت تک پہنچا دینگے۔ پاکستانی سفیر نے افغان سرزمین سے پاکستان کے اندر دہشت گردی کی مذمت کی اور اس ضمن میں پاکستان کے تحفظات سے آ گاہ کیا اور اس بات پر زور دیا کہ افغان سرزمین پاکستان کیخلاف استعمال نہ ہونے دی جائے گی اور افغان حکومت اپنے ملک میں چھپے دہشت گردوں کے خلاف کارروائی کرے یا ملزمان کو پاکستان کے حوالے کیا جائے۔ انہوں نے افغان احتجاج کو مسترد کردیا۔ انہوں نے کہا کہ 5 دن میں پاکستان میں 8 حملے ہوئے، تانے بانے افغانستان سے ملتے ہیں۔ افغان حکومت نے کوئی کارروائی نہیں کی۔ ادھر راولپنڈی، ٹیکسلا میں قانون نافذکرنیوالے اداروں نے سرچ آپریشن کے دوران 33 ملزمان کوگرفتار کر لیا۔ ایبٹ آباد میں سبزی منڈی کے قریب سے تین غیرملکیو ں سمیت13 افراد کو گرفتار کر کے اسلحہ برآمد کیا گیا۔ بی بی سی کے مطابق وزارت خارجہ نے ایک بیان میں مشرقی افغانستان میں میزائل حملوں کی مذمت کی ہے جس میں بقول ان کے درجنوں خاندانوںکو نقل مکانی کرنا پڑی ہے۔ بیان میں پاکستان کی جانب سے 100 کے قریب افغان شہریوں کی پکڑ دھکڑ پر بھی تشویش کا اظہار کیا ہے۔ اے این این کے مطابق پاک فوج نے دوسرے روز بھی افغانستان میں دہشت گردوں کے ٹھکانوں پر بمباری کی ہے۔ فضائیہ کے لڑاکا طیاروں نے ٹارگٹڈ کارروائیوں میں مہمند اور خیبر ایجنسی کی دوسرے طرف بنائے گئے دہشت گرد کیمپوں کو نشانہ بنایا۔ اس سے پہلے پاکستان نے افغان حکومت اور امریکی فوج سے کارروائیوں کا مطالبہ کیا تھا۔ جمعہ کے روز جماعت الاحرار کے 4 ٹھکانے جبکہ ہفتہ کے روز مزید 6 ٹھکانے تباہ ہونے کی اطلاعات ہیں۔ چناب نگر سے نامہ نگار کے مطابق سرچ آپریشن میں 11 مشکوک افراد کو گرفتار کر لیا گیا۔ مصطفی آباد‘ للیانی سے نمائندہ نوائے وقت کے مطابق سرچ آپریشن میں 25 مشتبہ افراد کی چیکنگ کی گئی، دو افغانیوں کی حفاظتی تحویل میں لے لیا گیا۔ تھانہ میں کوائف جمع کئے بغیر مکان کرایہ پر دینے اور لینے والے کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا۔ ٹانک میں 8 افراد کو گرفتار کر لیا گیا۔ قصور سے نمائندہ نوائے وقت کے مطابق 14 افغانوں سمیت 26 مشتبہ افراد کو گرفتار کر لئے گئے۔ ساہیوال سے نامہ نگار کے مطابق 100 سے زائد افراد حراست میں لے لیا گیا۔ شکرگڑھ سے نامہ نگار کے مطابق بھاری مقدار میں اسلحہ پکڑ لیا گیا۔ اشتہاری ملزم سمیت 4 افراد گرفتار کر لئے گئے۔ پاکپتن سے نامہ نگار کے مطابق 49 مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا گیا۔ رائے ونڈ سے نامہ نگار کے مطابق دہشت گردی کے خلاف جاری آپریشن کے دوران رائے ونڈ اور گرد و نواح سے سینکڑوں مشکوک افراد کو حراست میں لیکر نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا گیا۔ جھنگ سے نامہ نگار کے مطابق حساس اداروں نے کارروائی کرتے ہوئے مشکوک شخص کو گرفتار کر لیا جس کے قبضہ سے دوکلو باروی مواد اور پانچ ڈیٹونیٹر برآمد کر لئے گئے۔ سیالکوٹ سے نامہ نگار کے مطابق 18 افغانیوں کو گرفتار کر کے حوالات میں بند کر دیا۔ کرم ایجنسی سے نامہ نگار کے مطابق پہاڑوں پر 30 منٹ تک شدید بمباری کی وجہ سے وہاں پر موجود دہشت گرد بھاگ کر قریبی گائوں میں پناہ لینے پر مجبور ہوئے اورکمانڈر وائرلیس سیٹ پر زخمیوں اور ہلاک شدگان کو نکالنے کی ہدایت دیتے رہے۔ اس دوران کئی گاڑیاں علاقے میں داخل ہوئیں جن میں زخمیوں کو نامعلوم مقام پر منتقل کیا گیا جن میں عمر خراسانی کا بھتیجا سلمان خراسانی عرف صلاح الدین ایوبی خراسانی بھی شامل تھا۔ سرحد پار آمدہ طلاع کے مطابق عمر خراسانی کا بھتیجا سلمان خراسانی عرف صلاح الدین ایوبی خراسانی گردیز میں ڈاکٹر نجیب اللہ شہید روغ تون (ہسپتال) میں دم توڑ گیا ہے۔ ٹانک سے نامہ نگار کے مطابق سیکورٹی خدشات ٹانک کے تمام تھانوں میں ریڈ الرٹ جاری کر دیا گیا۔ لاہور میں ایس پی صدر اور حساس اداروں نے صدر ڈویژن رائیونڈ کے علاقہ میں سرچ آپریشن کر کے 15 مشکوک افراد کو نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا اور ان کے قبضہ سے بھاری مقدار میں غیرقانونی اسلحہ برآمد کر لیا۔ ستراہ سے نامہ نگار کے مطابق سرچ آپریشن میں 9 مشتبہ افراد گرفتار کر لئے گئے۔ خیبر اجینسی کے علاقے شلمان میں سرحدی دیہات کو خالی کرانے کا نوٹس دیدیا گیا۔ پولیٹکل انتظامیہ کے مطابق سمٹے کے علاقے کو ایک روز قبل خالی کرایا گیا تھا۔ دیہات دہشت گردوں کے ٹھکانوں پر گولہ باری کے باعث خالی کرائے جا رہے ہیں۔ حافظ آباد سے نمائندہ نوائے وقت کے مطابق پولیس نے جلالپور بھٹیاں اور پنڈی بھٹیاں کے علاقوں میں سرچ آپریشن کے دوران دو اشتہاری مجرمان سمیت چار خطرناک ملزمان کو گرفتار کر لیا۔فیصل آباد سے نمائندہ خصوصی کے مطابق فیصل آباد، ننکانہ اور میانوالی میں سرچ آپریشذن کے دوران 83 مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا گیا۔ ننکانہ پولیس نے نیشنل ایکشن پلان کے تحت مشتبہ سرگرمیوں میں ملوث ننکانہ کے 10 افراد کو گرفتار کر لیا۔ وزیر آباد سے نامہ نگار کے مطابق لنڈا بازار اور پٹھانوں کی بستیوں میں سرچ آپریشن کرکے ایک درجن سے زائد مشکوک افراد کو حراست میں لے لیا گیا۔افغان ذرائع کے مطابق کارروائی میں کمانڈر ولی محمد کے 10سے 12 ٹریننگ کیمپس اور خفیہ ٹھکانے تباہ ہوگئے۔ متعدد زخمی بھی ہوگئے دہشت گردی کی تربیت دینے والا کمانڈر رحمان بابا بھی ہلاک ہوگیا تباہ کئے گئے ٹھکانوں میں اسلحہ اور گولہ بارود موجود تھا۔ پاک فوج نے توپخانے سے گولہ باری کی۔لیہ میں سی ٹی ڈی نے 5 دہشت گرد مقابلے میں مار دیئے جس کا تعلق جماعت الاحرار سے تھا۔
افغانستان بمباری/ سرچ آپریشن
کابل (نوائے وقت رپورٹ) افغان آرمی چیف جنرل قدم شاہ شاہیم نے کہا ہے کہ دہشت گردوں کی فہرست پاکستان کے علاوہ دوسرے ذرائع سے بھی ملی ہے۔ افغان سرزمین پر دہشت گردوں کی سرگرمیاں روکنے کیلئے کوشاں ہیں۔ دہشت گردوں کی فہرست پر کام کرنے کیلئے تیار ہیں۔ ضرورت پڑنے پر مزید معلومات کا مطالبہ بھی کریں گے۔ افغانستان نے بھی پاکستان کو دہشت گردوں کی فہرست اور شواہد مہیا کئے ہیں۔ پاکستان سے بھی دہشت گردوں کیخلاف کارروائی کی امید کرتے ہیں۔ افغانستان میں گولہ باری پر پاک افغان حکام نے تحفظات سے ایک دوسرے کو آگاہ کیا کسی کو افغان سرزمین پر حملے یا آپریشن کی اجازت نہیں دیں گے، کسی کو افغان سرزمین پر قبضہ نہیں کرنے دیں گے، شیلنگ کے جواب میں ملکی دفاع کیلئے پوری طرح تیار ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن