• news

سیہون:انتظامیہ کی بے حسی شہداکے عضانالے میں پھینک دیئے گئے:دھماکے سے اڑ کرگرے:خورشید شاہ

سیہون شریف (نوائے وقت رپورٹ+ نیوز ایجنسیاں) سانحہ سیہون کے شہدا کی باقیات کی بے حرمتی کا انکشاف ہوا ہے۔ شہدا کی باقیات نالے کے کنارے کوڑے پر پڑی ہیں، آوارہ جانور اور پرندے ان کی بے حرمتی کر رہے ہیں۔ ڈی سی جامشورو منور مہیسر کا کہنا ہے کہ سیہون سانحے میں شہید افراد کی باقیات خود اکٹھی کرائی تھیں، معلوم نہیں اعضا نالے میں کہاں سے آئے۔ کوتاہی ہوئی تو ایکشن لیا جائے گا۔ مزار کو زائرین کیلئے آج کھولے جانے کا امکان ہے۔ ادھر ذرائع کا کہنا ہے کہ سیہون میں 100 سے زائد غیر رجسٹرڈ گیسٹ ہائوسز ہیں۔ شہید افراد کی باقیات کو کچرے میں پھینکنے کی خبر پر وزیراعلیٰ سندھ نے واقعے کا تحقیقات کا حکم دیتے ہوئے ملوث افراد کو کٹہرے میں لانے کا حکم دے دیا۔ انسانی اعضا کی تدفین کے بجائے کچرے کی نذر کر دیا گیا۔ انسانی اعضا کچرے میں شامل ہونے کے بعد فضا میں شدید تغفن پیدا ہوگیا۔ ترجمان کے مطابق وزیراعلیٰ سندھ نے نالے میں پڑے اعضا کو دفن کرنے کی ہدایات کر دی۔ وزیراعلیٰ سندھ نے ضلعی انتظامیہ جامشورو کو واضح ہدایات کرتے ہوئے کہا مزید آزمائش میں نہ ڈالیں۔ علاوہ ازیں محکمہ اوقاف نے سندھ کے تمام مزارات کی سکیورٹی رینجرز کے سپرد کرنے کا فیصلہ کر دیا ہے۔ دریں اثناء خورشید شاہ نے کہا ہے کہ وفاقی وزارت داخلہ غیر سنجیدہ ہے ہماری میٹنگ میں وفاقی وزارت داخلہ کا سیکرٹری تک نہیں آرہا فوجی عدالتوں میں توسیع کے لیے بریفنگ مانگی ہے مگر نہیں دی جا رہی جیکب آباد میں میڈیا سے گفتگو میں انہوں نے کہا کہ انسانی اعضاء گندے نالے میں نہیں ڈالے گئے انسانی اعضاء کی گندے نالوں میں موجودگی وفاقی اور صوبائی حکومت کا قصور نہیں دھماکے سے انسانی اعضاء اڑ کر گندے نالے میں گرے۔ وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے سیہون بم دھماکے میں متاثرین کے لئے معاوضے کا اعلان کر دیا۔ شہید کے لواحقین کے لئے معاوضے کی رقم 15 لاکھ روپے مقرر کی گئی ہے، اسی طرح شدید زخمیوں کو 10 لاکھ روپے فی کس دئیے جائیں گے۔ حضرت لعل شہباز قلندر کے مزار پر خودکش دھماکے کا مقدمہ درج کر لیا گیا ہے جس میں دہشت گردی اور ایکسپلوزو ایکٹ کی دفعات بھی شامل ہیں۔ مقدمہ خودکش بمبار سمیت 5 نامعلوم افراد کے خلاف درج کیا گیا۔ ذرائع کے مطابق حملہ آور افغانی تھا۔ سانحہ سیہون شریف میں غفلت پر ضلعی پولیس افسر کے خلاف کارروائی عمل میں لائی گئی ہے۔ ترجمان وزیراعلیٰ ہاؤس کے مطابق ایس ایس پی جامشورو طارق ولایت کو عہدے سے ہٹا دیا گیا۔ تنویر عالم اوڈھو کو ایس ایس پی جامشورو تعینات کر دیا گیا۔ اے ایس پی محمد راشد ہدایت کو بھی عہدے سے ہٹا دیا گیا۔ سمیع ملک کو اے ایس پی سیہون مقرر کر دیا گیا اس حوالے سے نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا۔ سیہون شریف دھماکے کا مبینہ سہولت کار خیرپور سے گرفتار کر لیا گیا۔ تفتیش میں شکار پور کے حفیظ بروہی گروپ کے ملوث ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔ تحقیقاتی حکام کے مطابق حفیظ بروہی گروپ لشکر جھنگوی چھوڑ کر داعش کے ساتھ منسلک ہوچکا ہے۔ خودکش جیکٹ بھی شکار پور میں تیار کی گئی حفیظ بروہی گروپ شکارپور بم دھماکوں میں بھی ملوث رہا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن