• news

فوجی عدالتیں ، اسحاق ڈار کا پارلیمانی رہنماؤں سے ٹیلیفونک رابطہ‘پیپلز پارٹی جے یو آئی اور پی ٹی آئی توسیع پر آمادہ : ذرائع

اسلام آباد ( سپیشل رپورٹ +نوائے وقت رپورٹ) وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے فوجی عدالتوں میں توسیع کے معاملہ پر پارلیمانی رہنماؤں سے ٹیلیفونک رابطہ کیا ہے۔ اعلامیہ کے مطابق اسحاق ڈار نے فضل الرحمٰن، نوید قمر، شاہ محمود قریشی، آفتاب شیر پاؤ، مولانا عطاء الرحمٰن سے رابطہ کیا اور دہشت گردوں کے تیز ٹرائل کیلئے فوجی عدالتوں میں توسیع، حالیہ دہشت گردی کے واقعات پر بھی بات چیت کی گئی۔ اسحاق ڈار نے کہا کہ انسداد دہشت گردی مہم کی رفتار برقرار رکھنے کیلئے فوجی عدالتوں کا تسلسل، اس معاملے پر سیاسی قیادت کی جانب سے اتحاد دکھانا ضروری ہے۔ ملک و قوم کی سکیورٹی کیلئے کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جا سکتا۔ فوجی عدالتوں کے معاملے پر پارلیمانی رہنماؤں کا اجلاس جلد بلانے پر بات چیت کی گئی سیاسی رہنماؤں نے اسحاق ڈار سے گفتگو میں کہا کہ دہشت گردی کے خلاف سب متحد ہیں امن و امان پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہو سکتا۔ وزیر خزانہ نے سپیکر قومی اسمبلی کو بھی ٹیلیفون کیا اور ان سے کہا کہ وہ فوجی عدالتوں کی میعاد بڑھانے کے حوالے سے پارلیمانی کمیٹی کے اجلاس کے جلد از جلد انعقاد کیلئے سہولت فراہم کریں تاکہ جتنی جلد ممکن ہو اس بارے میں فیصلہ کیا جاسکے۔ فوجی عدالتوں میں توسیع کے معاملے پر پیپلز پارٹی‘ جمعیت علماء اسلام اور پی ٹی آئی اپنے تحفظات کو ختم کرنے پر آمادہ نظر آتی ہیں۔ نوائے وقت کو قابل اعتماد ذرائع نے بتایا ہے کہ مذکورہ سیاسی جماعتوں نے ملک میں دہشت گردی کی نئی لہر کے اٹھنے اور وسیع پیمانے پر ہونے والے جانی نقصانات کے پیش نظر دہشت گردوں کو کیفر کردار تک پہنچانے کے لئے فوجی عدالتوں کے قیام کی مزاحمت کو ختم کرنے پر آمادگی ظاہر کر دی ہے۔ ان ذرائع کے مطابق فوجی عدالتوں میں توسیع کے لئے پارلیمانی اتفاق رائے کے لئے اگلے ہفتہ ہونے والے اجلاس میں اپوزیشن جماعتیں فو جی عدالتوں کے قیام میں توسیع کے لئے اپنی رضامندی ظاہر کر دیں گی۔

ای پیپر-دی نیشن