گوجرانوالہ پتنگ بازی جاری‘ سینکڑوں گرفتار‘ گلے پر ڈور پھرنے سے نوجوان زخمی
گوجرانوالہ (نمائندہ خصوصی) پابندی کے باوجود گوجرانوالہ شہر میں پتنگ بازی اور فائرنگ کا سلسلہ جاری ہے۔ پولیس نے کریک ڈائون کے دوران سینکڑوں افراد کو گرفتار کر لیا جبکہ گلے پر ڈور پھرنے سے موٹرسائیکل سوار نوجوان شدید زخمی ہو گیا۔ تفصیلات ایس ایچ او تھانہ کھیالی نے لاہور و دیگر اضلاع سے گوجرانوالہ آکر بسنت منانے والے چار پتنگ بازوں سمیت سینکڑوں افراد کو گرفتار کرکے ان کے قبضہ سے لیپ ٹاپ‘ سائونڈ سسٹم‘ سپیکر‘ بوفر اور 2200 سے زائد پتنگیں و 103 دھاتی گوٹیں و ڈور کے پنے برآمد کئے اور ملزمان کے خلاف مقدمات درج کر لئے۔گرفتار ہونے والوں میں عابد‘ ناظم اور عدنان وغیرہ شامل ہیں۔ ضلع کے دیگر تھانوں میں پتنگ بازی کے خلاف کریک ڈائون کے دوران بارہ ہزار سے زائد پتنگیں اور ایک ہزار سے زائد دھاتی ڈور کی چرخیاں اور پنے برآمد کرکے پتنگ بازوں کے خلاف 500 سے زائد مقدمات درج کئے گئے۔ دوسری طرف 35 سالہ نوجوان مقصود موٹرسائیکل پر جا رہا تھا‘ راستے میں کچا ایمن آباد وڈ پر گلے پر کٹی پتنگ کی ڈور پھرنے سے وہ شدید زخمی ہو گیا۔ریسکیو اہلکاروں نے زخمی نوجوان کو تشویشناک حالت میں ڈسٹرکٹ ہسپتال منتقل کیا جہاں پر اسے طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔ دوسری جانب شہر بھر میں پابندی کے باوجود پتنگ بازی عروج پر ہے۔ گزشتہ روز بھی شہر بھرمیں سارا دن پتنگ بازی اور ہوائی فائرنگ کا سلسلہ جاری رہا۔ پولیس کی نااہلی کے باعث سیٹلائٹ ٹائون‘ پیپلز کالونی‘ محلہ بختے والا‘ مسلم روڈ‘ نوشہرہ روڈ اور اندرون شہر کے دیگر علاقوں میں پتنگ بازی کی گئی۔ اس خونی کھیل کی روک تھام کیلئے تشکیل دیئے گئے سپیشل سکواڈ کے اہلکار پتنگ بازوں کے خلاف متعلقہ تھانے میں اطلاع دینے کے بجائے خود فلائی اوور کے اوپر کٹی ہوئی پتنگ لوٹ کر اس سے لطف اندوز ہوتے رہے۔ اس دوران ویڈیو بنائے جانے کا علم ہونے پر پولیس اہلکار نے فوری طورپر پتنگ کی ڈور کھمبے کے ساتھ باندھ دی۔