• news

دشمن مایوسی کی دلدل میں دھکیلنا چاہتے ہیں، دہشت گردوں کو ناکام بنانے کے لئے قوم متحد ہے: رفیق تارڑ

لاہور (خصوصی رپورٹر) دہشت گردووں کے مذموم عزائم کو ناکام بنانے کیلئے پوری قوم متحد ہے۔ دشمن ہمیں مایوسی اور ناامیدی کی دلدل میں دھکیلنا چاہتے ہیںتاہم وہ نہیں جانتے یہ قوم ایسی کئی آزمائشوں میں پہلے بھی بفضل خدا سرخرو ہو چکی ہے اور اب بھی سرخرو ہو گی۔ اﷲ تعالیٰ سے دعا ہے وہ اس مملکت خداداد کو دشمنوں کے شر سے محفوظ رکھے‘ اسے امن و آشتی کا گہوارہ بنا دے اور پاکستانی قوم کو پر امن ماحول میں ترقی و خوشحالی کے ثمرات سے بہرہ مند فرمائے۔ یہ کانفرنس پاکستان کے استحکام اور روشن مستقبل کی نوید ثابت ہوگی اور اسکے شرکاء واپس جا کر نظریۂ پاکستان کے محافظ کا کردار ادا کریں گے۔ ان خیالات کا اظہار تحریک پاکستان کے مخلص کارکن، سابق صدر اسلامی جمہوریہ پاکستان و چیئرمین نظریۂ پاکستان ٹرسٹ محمد رفیق تارڑ نے ایوان کارکنان تحریک پاکستان لاہور میں نویںسالانہ سہ روزہ نظریۂ پاکستان کانفرنس کے تیسرے روز منعقدہ اختتامی نشست میں اپنے صدارتی خطاب میں کیا۔ اس کانفرنس کا کلیدی موضوع’’ طلوع پاکستان کے 70سال… کامیابیاں اور مسائل‘‘ تھا۔ اس نشست کے مہمانان خاص صوبائی وزیر تعلیم رانا مشہود احمد خاں اور میئر لاہور کرنل(ر)مبشر جاوید تھے۔ پروگرام کا باقاعدہ آغاز تلاوت قرآن مجید‘نعت رسول مقبول صلی اللہ علیہ وآلہٖ وسلم اورقومی ترانہ سے ہوا۔ تلاوت کی سعادت قاری محمد رفیق نقشبندی نے حاصل کی جبکہ حسان المصطفیٰ نے بارگاہ رسالت مآب صلی اللہ علیہ وآلہٖ وسلم میں ہدیۂ عقیدت پیش کیا۔ حافظ مرغوب احمد ہمدانی نے کلام اقبالؒ پیش کیا۔ پروگرام کی نظامت کے فرائض نظریۂ پاکستان ٹرسٹ کے سیکرٹری شاہدرشید نے اداکیے۔ محمد رفیق تارڑ نے کہا اﷲ تبارک و تعالیٰ کا شکر ہے اس نے سہ روزہ نظریۂ پاکستان کانفرنس کو بخیر و عافیت انجام پذیر فرما دیا۔ وطن عزیز کو ان دنوں جن سنگین حالات کا سامنا ہے‘ ان کے تناظر میں اس قومی نظریاتی اجتماع کا انعقاد ہمارے اس عزم کا مظہر ہے دشمن کے مذموم ہتھکنڈوں کا پامردی سے مقابلہ کریں گے۔ دہشت گردی کے ان واقعات سے دراصل ہمارے دشمن ہمارے اس عزم کو متزلزل کرنا چاہتے ہیں لیکن ایسا کرنے میں وہ کبھی کامیاب نہ ہو سکیں گے۔ جب تک علم ہمارے پاس تھا تو حکومت بھی ہمارے پاس تھی۔ علم سے دور ہوئے تو آج اُمہ کا حال آپ دیکھ سکتے ہیں۔ پاکستان پر اللہ کا خاص فضل ہے۔ ایٹمی قوت ہیں اور دشمن ہماری طرف میلی آنکھ سے دیکھنے کی جرأت نہیں کر سکتا۔ ملک ترقی کی طرف رواں دواں ہے۔ سی پیک منصوبے کی تکمیل سے بیرونی دنیا سے لوگ یہاں ملازمتوں کیلئے آئیں گے۔ ایک وقت آئے گا دنیا پاکستان سے پوچھ کر چلا کرے گی۔ میں ملک بھر میں قائم نظریۂ پاکستان فورمز کے عہدیداران سے بھی اظہار سپاس کرتا ہوں جنہوں نے اس کانفرنس کو رونق بخشی اور اپنی سرگرمیوں سے ہمیں آگاہ کیا۔ صوبائی وزیر تعلیم رانا مشہود احمد خان نے کہا نظریۂ پاکستان ٹرسٹ کے ساتھ ہمارا روحانی رشتہ ہے۔ یہ ادارہ ہمیں اس بات کا احساس دلاتا ہے ہم نے یہ ملک کیوں حاصل کیا۔ موجودہ حالات میں نظریۂ پاکستان کی اہمیت مزید بڑھ گئی ہے۔ آج پاکستان کے استحکام کی جنگ لڑی جا رہی ہے۔ استحکام پاکستان کی جنگ کا ہراول دستہ نظریۂ پاکستان ٹرسٹ ہے۔ مجید نظامی کے بعد محمد رفیق تارڑ اس مشن کو آگے بڑھا رہے ہیں۔ دہشت گردی کی حالیہ لہر دشمن کی بوکھلاہٹ کا ثبوت ہے اور سی پیک کامنصوبہ دشمنوں کی آنکھوں میں کھٹک رہا ہے۔ اس منصوبہ کی اہمیت کو دیکھتے ہوئے دنیا کے متعدد ممالک اس میں شامل ہونا چاہتے ہیں۔ ہم اقوام متحدہ میں اس بات کا ثبوت دے چکے ہیں کہ بھارت افغانستان کے ذریعے پاکستان میں حالات خراب کرا رہا ہے۔ کالا باغ ڈیم کی مخالفت کرنے والے بھی غدار ہیں جبکہ سی پیک کی مخالفت کرنے والے ملکی سلامتی وترقی کے دشمن ہیں۔ میئر لاہور کرنل(ر) مبشر جاویدنے کہا میں پاکستان کا شیدائی ہوں۔ آج ہم جو کچھ بھی ہیں پاکستان کی بدولت ہیں۔ نئی نسل کو نظریۂ پاکستان اور قیام پاکستان کے حقیقی اسباب و مقاصد سے آگاہ کرنے کی ضرورت ہے۔ ہمیں ذاتی اغراض و مقاصد کو پیچھے چھوڑ کر ملک کے لئے دن رات کام کرنا چاہئے۔ وائس چیئرمین نظریۂ پاکستان ٹرسٹ پروفیسر ڈاکٹر رفیق احمد نے کہا نظریۂ پاکستان ہمہ گیر ہے اور ہر شعبے کے حوالے سے اہمیت رکھتا ہے۔ تحریک پاکستان کے ممتاز کارکن جسٹس(ر) میاں آفتاب فرخ نے کہا قائداعظمؒ ہندو ذہنیت کو قریب سے دیکھ کر یہ حقیقت سمجھ چکے تھے یہ دو قومیں اکٹھی نہیں رہ سکتیں۔ بھارت پاکستان کا ازلی دشمن ہے وہ ہمارا دوست کبھی نہیں ہو سکتا۔ ہمیں آنے والی نسلوں کو پاکستان کا نظریہ سمجھانا ہوگا۔ سجادہ نشین آستانہ عالیہ شرقپور شریف صاحبزادہ میاںولید احمد جواد شرقپوری نے کہا نظریۂ پاکستان ٹرسٹ اس خطے میں اسلام اور پاکستان کا قلعہ ہے۔ یہاں سے پاکستانیت ملتی ہے۔ مجھے سرہند شریف جانے کا اتفاق ہوا۔ بھارت میں ہمارے وفد کے ساتھ بہت برا سلوک کیا گیا۔ آج بھارت کے مسلمان یہ سوچنے پر مجبور ہو چکے ہیں کاش ہم بھی پاکستان کا حصہ ہوتے۔ ڈائریکٹر حمید نظامی پریس انسٹیٹیوٹ ابصار عبدالعلی نے کہا کانفرنس کا کلیدی موضوع’’طلوع پاکستان کے 70سال…کامیابیاں اور مسائل‘‘ ہمیں سوچنے پر مجبور کرتا ہے ہم سے کہاں غلطیاں ہوئی ہیں۔ ریسرچ کی طرف توجہ دینی چاہیے تاکہ طلوع کی روشنی کو غروب کی طرف جانے سے روکا جاسکے۔ کانفرنس کی آٹھویں نشست میں ملک بھر سے آئے ہوئے نظریۂ پاکستان فورمز کے عہدیدران نے اظہار خیال کیا۔ صدر نظریۂ پاکستان فورم ایبٹ آباد علی افضل جدون نے کہا آج پاکستان کے دشمن بہت زیادہ ہو گئے ہیں۔ ہمیں متحد ہو کر ان کا مقابلہ کرناہے۔ صدر نظریۂ پاکستان فورم پشاور ملک لیاقت علی تبسم نے کہا ہم صوبہ خیبر پی کے میں نظریۂ پاکستان کا جھنڈا بلند کیے ہوئے ہیں۔ صدر نظریۂ پاکستان فورم ملتان پروفیسر ڈاکٹر حمیدرضا صدیقی نے کہا کہ ہمارے فورم کو قائم ہوئے دس سال ہونیوالے ہیں۔ ہم سال میں تقریباً 50پروگرام کرتے ہیں۔ ہم نظریۂ پاکستان ٹرسٹ کا پیغام ہر طرف پھیلائیں گے۔ صدر نظریۂ پاکستان فورم فیصل آباد الحاج میاں عبدالکریم نے کہا کہ نظریۂ پاکستان ٹرسٹ کی خدمات سے انکار نہیں کیا جا سکتا۔ آج گلی گلی نظریۂ پاکستان پھیل رہا ہے۔ اس نظریہ کی ترویج واشاعت میں ڈاکٹر مجید نظامی مرحوم نے گرانقدر خدمات انجام دیں۔ صدر نظریۂ پاکستان فورم گوجرانوالہ ساجد پرویز بھٹی نے کہا ہمارا مقصد نئی نسل کو دو قومی نظریہ سے آگاہ کرنا ہے۔ ہم تمام اہم قومی ایام پر تقریبات کا انعقاد کر رہے ہیں۔ چیف آرگنائزر نظریۂ پاکستان فورم کوئٹہ راز محمد لونی نے کہا بلوچستان کے عوام سادہ اور محب وطن ہیں۔ وہ وطن کی خاطر ہر قربانی دینے کو تیار ہیں۔ صدر نظریۂ پاکستان فورم ڈیرہ غازی خان طارق علی خان کاکڑ نے کہا محمد رفیق تارڑ کی قیادت میں نظریۂ پاکستان ٹرسٹ کا پیغام ملک بھر میں پہنچ رہا ہے۔ صدر نظریۂ پاکستان حافظ آباد حافظ محمد اکرم چشتی نے کہا نظریہ ٔ پاکستان کے سماجی، سیاسی، معاشی اور اخلاقی پہلو ہیں۔ ہمیں اپنی اصلاح کیلئے ہر ممکن کوشش کرنی چاہیے۔ صدر نظریۂ پاکستان فورم کامونکے محمد آصف شیخ نے کہا اسلامی جمہوریہ پاکستان ایک مخصوص نظریے کی بنیاد پر قائم ہوا تھا۔ اس نظریے نے پاکستان کی بقا اور ترقی کا رُخ بھی متعین کیا۔ ملک دین محمد یٰسین نے بتایا 162تعلیمی اداروں میںنظریۂ پاکستان کے فروغ اور ترویج و اشاعت کیلئے جا چکا ہوں۔ ہماری نئی نسل بہت باصلاحیت ہے۔ صدر نظریۂ پاکستان فورم وزیرآباد عمران رسول بٹ نے کہا میری ڈیوٹی وزیرآباد میں نظریۂ پاکستان کو پھیلانا ہے۔ لوگوں کو بتاتا ہوں پاکستان کی قدر کرو۔ سیکرٹری نظریہ ٔپاکستان فورم میر پور ظہیر اعظم جرال نے کہا ہم قومی ایام پر تقریبات منعقد کرتے ہیں۔ کشمیری تکمیل پاکستان کی جنگ لڑ رہے ہیں۔ نظریۂ پاکستان ٹرسٹ کے سیکرٹری شاہد رشید نے کہا نظریۂ پاکستان کانفرنس میں منعقدہ 9نشستوں میں 1525مندوبین نے شرکت کی۔ انہوں نے شرکاء کانفرنس سے کہا وہ اپنے علاقوں میں واپس جا کر نظریۂ پاکستان کی ترویج و اشاعت کے لیے زیادہ سے زیادہ کام کریں۔ انہوں نے وزیراعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف، میئرلاہور کرنل(ر)مبشر جاوید، ڈی سی لاہور سمیر سید، سی سی پی او لاہور اور کانفرنس میں شرکت کرنیوالے معزز مہمانان خاص کا بطور خاص شکریہ اداکیا۔ انہوں نے نظریۂ پاکستان ٹرسٹ و تحریک پاکستان ورکرزٹرسٹ کے اکابرین، کارکنان تحریک پاکستان، لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی، پارکس اینڈ ہارٹیکلچر اتھارٹی، ڈی جی پی آر، سیکرٹری سکولز، سیکرٹری ہائیر ایجوکیشن، واپڈا، پنجاب پولیس بینڈ، پولیس حکام‘میڈیا اور ٹرسٹ میں کام کرنیوالے تمام ورکرز کا شکریہ اداکیا۔ نویں اور آخری نشست میں مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے خواتین و حضرات نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔ پروگرام کے دوران ایس پی سول لائنز علی رضا بھی موجود تھے، مقررین نے دہشتگردی کی حالیہ کارروائیوں میں پولیس اہلکاروں کی قربانیوں کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا اور کہا ہمارے سکیورٹی اہلکاروں کے جذبے توانا ہیں اور وہ دشمنوں کے عزائم ناکام بنا نے کیلئے پرعزم ہیں۔ اس موقع پر پولیس اہلکاروں کی شہادت پر اظہار تعزیت و اظہار یکجہتی اور ان کی ارواح کے ایصال ثواب کیلئے فاتحہ خوانی بھی کی گئی۔ پروگرام کے آخر میں رانا مشہود احمد خاں، کرنل(ر) مبشر جاوید، میاں ولید احمد جواد شرقپوری، ابصار عبدالعلی، ایس پی سول لائنز علی رضا، علی افضل جدون، بیگم ثریا خورشید، ڈاکٹر پروین خان، بیگم صفیہ اسحاق، فوزیہ چیمہ، نجمہ بلال، تسنیم احمد، حافظ مرغوب احمد ہمدانی، ڈاکٹر ندیم الحسن گیلانی، پروفیسر حمید رضا صدیقی، ملک لیاقت علی تبسم، میاں عبدالکریم، ساجد پرویز بھٹی، طارق خان کاکڑ، ملک دین محمد یٰسین، پروفیسر عزیز احمد ہاشمی، راز محمد لونی، آصف شیخ، اکرم چشتی، ظہیر اعظم جرال، غلام رسول بٹ کو یادگاری شیلڈز دیں۔

ای پیپر-دی نیشن