مغرب کی پالیسیاں دہشت گردی بڑھا سکتی ہیں: خواجہ آصف
میونخ (نوائے وقت رپورٹ) وزیر دفاع خواجہ آصف نے میونخ میں سکیورٹی کانفرنس کے پینل ڈسکشن میں شرکت کی۔ پینل ڈسکشن کا موضوع انسداد انتہا پسندی اور دہشت گردی ہے۔ خواجہ آصف نے کہا کہ مغرب کی الگ تھلگ رہنے کی پالیسی دہشت گردی کے خلاف جنگ میں رکاوٹ ہے۔ مغرب کی حالیہ پالیسیاں دہشت گردی میں اضافے کا سبب بن سکتی ہیں۔ مزید براں افغان صدر اشرف غنی اور امریکی نائب صدر مائیک پینس کے درمیان ملاقات ہوئی ہے۔ غیرملکی خبر ایجنسی کے مطابق دونوں رہنمائوں نے میونخ سکیورٹی کانفرنس کی سائیڈ لائن پر ملاقات کی جس میں باہمی امور، خطے کی سکیورٹی کی صورتحال پر بات چیت کی گئی۔ ملاقات میں انسداد دہشت گردی اور معاشی تعاون بڑھانے پر اتفاق ہوا۔