دہشت گرد حملے کشمیر پر پاکستان کا منہ بند کرانیوالوں کا کام ہے: ملیحہ لودھی
واشنگٹن (آن لائن+ نوائے وقت نیوز) اقوام متحدہ میں پاکستانی مندوب ملیحہ لودھی نے کہا ہے کہ کشمیر کاز کو دبانے کے لئے پاکستان میں دہشت گردی کی لہر کو تقویت دی جارہی ہے لیکن کشمیری اور پاکستانی عوام کی آواز کو دبایا نہیں جاسکتا ۔ ان خیالا ت کا اظہار انہوں نے ایک نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ ملیحہ لودھی نے کہا مسئلہ کشمیر پر پاکستان کو خاموش کرانے کے لئے دہشت گردی کے حملے کئے جا رہے ہیں۔ اس سے پاکستانی اور کشمیری عوام کی آواز بند نہیں ہو گی بلکہ ہم دہشت گردی کیخلاف ہر محاذ پر اپنی حد کے اندر لڑیں گے۔ انہوں نے کہا پاکستان میں دہشت گرد حملے انہی کا کام ہے جو ہمیں کمزور کرنا چاہتے ہیں اور ان حملوں کے ذریعے کشمیر کے معاملے پر پاکستان کا منہ بند کرانا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا پاکستان دہشت گردی کے خلاف کارروائیاں ہر حال میں جاری رکھے گا۔ پاکستان کی سلامتی اور سکیورٹی ہماری اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے کہا ان حملوں سے پاکستانیوں اور کشمیریوں کے حوصلے کو پست نہیں کیا جا سکتا۔ لاہور دھماکے کے ذمے دار افغانستان میں موجود ہیں۔ پاکستان‘ افغانستان سے ان دہشت گردوں کی حوالگی کا مطالبہ کر چکا ہے۔