• news

امن کیلئے پنجاب میں آپریشن ناگزیر ہے: طاہرالقادری

اسلام آباد(آئی این پی )عوامی تحریک کے قائد ڈاکٹر محمد طاہر القادری نے کہا ہے کہ بہت پہلے خبردار کیا تھا کہ قومی ایکشن پلان پر عمل نہ ہوا اور دہشت گردی کے متبادل بیانیے کی اہمیت کو نہ سمجھا گیا تو دہشت گردی پلٹے گی ۔سندھ حکومت بھی کراچی آپریشن کی مخالف تھی مگر یہ آپریشن ہوا وہ جذبہ پنجاب کے حوالے سے کیوں نظر نہیں آتا؟جسٹس قاضی عیسیٰ کمیشن کی رپورٹ آنکھیں کھول دینے کیلئے کافی ہے ۔حکمرانوں سے ان کے جرائم کے حوالے سے سوال کون کرے گا ؟ وہ گزشتہ روز عوامی تحریک علماء و مشائخ ونگ کے رہنمائوں سے خطاب کر رہے تھے ۔انہوں نے کہا کہ سانحہ اے پی ایس اگر حکمرانوں کے ضمیر نہ جگا سکا تو کوئی سانحہ نہیں جگا سکے گا ۔حکمران ،کرپٹ ،بزدل،اقتدار کے حریص اور دہشت گردوں کے سہولت کارہیں۔آپریشن دہشت گردی کے خاتمے کا ایک پہلو ہے۔ دہشت گردی کے انفیکشن کا علاج اصل چیلنج ہے۔انفیکشن کا علاج اس وقت ہو گا جب غیر ملکی فنڈنگ ،اعلانیہ اور غیر اعلانیہ سہولت کا روں کا خاتمہ ہو گا ،قومی ایکشن پلان پر اس کی روح کے مطابق عمل ہوگا ۔انہوں نے کہاکہ فاٹا،کراچی،پشاور،کوئٹہ ،گلگت بلتستان کے امن کیلئے پنجاب میں آپریشن ناگزیر ہے ۔

ای پیپر-دی نیشن