ملک کے مختلف علاقوں میں بارش، برفباری کا نیا سلسلہ شروع، سردی پھر بڑھ گئی
اسلام آباد/مظفر آباد/کوئٹہ/گلگت بلتستان(صباح نیوز+آن لائن)بارش اور برف باری کا نیا سلسلہ شروع ہو گیا۔گلگت بلتستان اور بلوچستان میں بارش کا امکان ہے ۔غذر،استور اور دیامر کے بالائی علاقوں میں وقفے وقفے سے برفباری اورمیدانی علاقوں میں بارش کا سلسلہ جاری رہا۔ کوئٹہ میں بھی رات گئے بادل برس پڑے۔چمن میں رات سے جاری موسلادھار بارش سے نشیبی علاقے زیر آب آگئے۔گلگت بلتستان کے ضلع دیامر،استور اور غذر کے بالائی علاقوں میں وقفے وقفے سے برف باری اور میدانی علاقوں میں بارش کا سلسلہ جاری رہا۔آزاد کشمیر کے شمالی اور وسطی اضلاع میں وقفے وقفے سے بارش اوربالائی علاقوں میں ہلکی برف باری جاری رہی۔مر ی میں بارش سے سر د ی کی شد ت میں اضافہ ہوگیا ہے۔ادھر شمالی بلوچستان میں بارش برسانے والی ہوائیں داخل ہونے سے چمن،پشین ،زیارت ،کان مہترزئی اورقلعہ عبداللہ میں وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری رہا۔بارش کے ساتھ ہی شہر کے بیشتر علاقوں میں بجلی کی سپلائی معطل اور ٹھنڈ میں اضافہ ہوگیا ہے۔وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں موسم ابر آلود رہا۔دریں اثناء محکمہ موسمیات نے پیش گوئی کی ہے کہ خیبر پی کے، فاٹا،مالاکنڈ، ہزارہ ڈویژن میں موسلادھار بارش کا سلسلہ شروع ہونیوالا ہے اور آج سے کل تک اسلام آباد، بالائی پنجاب،راولپنڈی، گوجرانوالہ، لاہور، سرگودھا، فیصل آباد ڈویژن میں کہیں کہیں بارش کا امکان ہے۔فورکاسٹنگ آفیسر عمران احمد صدیقی نے اپنے بیان میں بتایا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد اور خشک رہاتاہم مالاکنڈ، ہزارہ، راولپنڈی، کوئٹہ ڈویژن، کشمیر اور گلگت بلتستان میں چند مقامات پر بارش اور پہاڑوں پر برفباری ہوئی۔