گوجرانوالہ:6 سالہ بچی قصور ی میں8 سالہ بچہ زیادتی کے بعد قتل
گوجرانوالہ / قصور (نمائندہ خصوصی+ نامہ نگار+ نمائندہ نوائے وقت) درندہ صفت افراد نے گوجرانوالہ میں 6سالہ بچی اور قصور میں 8 سالہ بچے کو زیادتی کے بعد قتل کر دیا۔ نعشیں ویران جگہوں پر پھینک دیں۔ تفصیل کے مطابق پولیس تھانہ صدر گوجرانوالہ کو اطلاع ملی کہ کھیت میں ایک 6 سالہ بچی کی نعش پڑی ہے جسے نامعلوم ملزموں نے زیادتی کے بعد قتل کیا۔ تفتیش پر بچی کی شناخت ڈیرہ آم والا بشمول جنڈیالہ باغوالا بھٹہ خشت پر محنت مزدوری کرنے والے اعجاز احمد کی چھ سالہ معصوم بیٹی (ع) کے نام سے ہوئی۔ لرزہ خیز قتل کے بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ سٹی پولیس آفیسر محمد وقاص نذیر کے احکامات پر پولیس ٹیم نے مجاہد علی سکنہ ڈیرہ آم والا کو زیرحراست لیا تو دوران تفتیش ملزم نے بچی کے ساتھ زیادی اور بعد ازاں اپنا جرم چھپانے کی خاطر گلا گھونٹ کر قتل کا اعتراف کر لیا۔ ادھر قصور میں کیسر گڑھ کے قریب 19 فروری کی صبح نواز جو ایک مل کا چوکیدار ہے نے پولیس کو اطلاع دی کہ ایک بوری میں 8 سالہ بچے کی نعش پڑی ہے۔ اطلاع پر تھانہ صدر پولیس موقع پر پہنچی۔ نعش کی شناخت عمران ولد طالب حسین کے نام سے ہوئی جو کہ خانہ بدوش ہے اور گذشتہ 8/9 ماہ سے میلسی سے تھانہ صدر قصور کے علاقہ میں رہائش پذیر تھا۔ دو روز قبل مقتول عمران دو دیگر لڑکوں کے ساتھ کہیں گیا لیکن واپس نہ آیا۔ پولیس نے ملزمان کی گرفتاری کے لیے ڈی ایس پی صدر مرزا عارف رشید کی سربراہی میں سپیشل ٹیمیں تشکیل دی جنہوں نے نوعمر لڑکوں غلام عباس اور عرفان بھٹی کو گرفتار کر لیا۔ ملزمان نے دوران تفتیش انکشاف کیا ہے کہ ہم نے عمران کو پہلے زیادتی کا نشانہ بنایا عمران کی چیخ و پکار پر اینٹوں کے وار کر کے اسے قتل کر دیا اور نعش بوری میں بند کر کے کیسر گڑھ کے قریب ایک مل میں پھینک دی۔