• news

حافظ سعید معاشرے کیلئے خطرہ بن سکتے ہیں: خواجہ آصف

میونخ (بی بی سی اردو ڈاٹ کام) وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا کہ جماعت الدعوۃ کے امیر حافظ سعید اوردیگرافرادمعاشرے کیلئے خطرے کاباعث بن سکتے ہیں۔ میونخ میںسکیورٹی کانفرنس سے خطاب کی مزید تفصیلات کے مطابق انہوں نے کہا حکومت اب ان تمام عناصر اور جماعتوں کے خلاف سخت ایکشن لے رہی ہے جو کہ براہ راست دہشت گردی میں ملوث نہیں لیکن دہشت گردوں کو مختلف طریقوں سے مدد فراہم کر رہی ہیں۔ دریں اثنا جماعۃ الدعوۃ پاکستان کے ترجمان محمد یحییٰ مجاہد نے وزیر دفاع خواجہ محمد آصف کے بیان پر شدید ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ معاشرے کیلئے خطرہ حافظ محمد سعید نہیں بلکہ حکومتی صفوں میں موجود وہ لوگ ہیں جو اس ملک میں انڈیا کے ایجنڈے کو پروان چڑھا رہے ہیں۔ اپنے بیان میں انہوں نے کہا خواجہ آصف جیسے حکومتی عہدیداران بھارتی خوشنودی کیلئے ملکی سلامتی کو نقصان پہنچا رہے ہیں۔ انڈیا کی ریاستی دہشت گردی ساری دنیا کے سامنے ہے۔ بھارتی خفیہ ایجنسی را پاکستان میں دھماکے اور دہشت گردی کے ذریعہ نہتے پاکستانیوں کا خون بہا رہی ہے۔ کل بھوشن جیسے ایجنٹ بلوچستان میں علیحدگی کی تحریکیں پروان چڑھا کر سی پیک منصوبہ کو نقصان پہنچانے کی سازشیں کر رہے ہیں۔ اسی طرح کشمیر میں بھارتی ظلم و بربریت عروج پر ہے اور مظلوم کشمیریوں کی نسل کشی کی جارہی ہے لیکن وزیر دفاع کی زبان سے بھارتی دہشت گردی کیخلاف اور کشمیریوں کے حق میں ایک لفظ تک نہیں نکلا لیکن بھارت و امریکہ کو خوش کرنے کیلئے حافظ محمد سعید جیسے محب وطن لیڈروں کے خلاف زہر اگلاجارہا ہے۔ یحییٰ مجاہد نے کہاکہ خواجہ آصف کو چاہیے تھا کہ وہ جرمنی میں کشمیریوں پر ڈھائے جانے والے غاصب بھارت کے ظلم و ستم کے خلاف آواز بلند کرتے تاکہ دنیا میں مسئلہ کشمیر اجاگر اور انڈیا کی ریاستی دہشت گردی بے نقاب ہوتی تاہم وہ ایسا تو نہ کر سکے البتہ بھارت سے دوستی مضبوط کرنے کیلئے محب وطن لیڈروں کیخلاف الزام تراشیاں کی جارہی ہیں جس کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے۔

ای پیپر-دی نیشن