• news

پانامہ کیس کا فیصلہ کچھ بھی آئے نوازشریف کو شدید نقصان پہنچے گا : شیخ رشید

اسلام آباد (سلمان مسعود/ نیشن رپورٹ) عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید نے کہاہے پانامہ سکینڈل کے حوالے سے کیس نے ا پوزیشن کے رہنمائوں کی سیاست میں نئی جان ڈال دی ہے۔ انہوں نے کہا پانامہ کیس کا فیصلہ کچھ بھی آئے اس سے نوازشریف کو شدید نقصان پہنچے گا۔ عمران میری بات سنیں تو میں پانامہ پیپرز کے معاملے کو الیکشن تک لے جانا چاہتا ہوں۔ شیخ رشید نے پاکستان سے قبل تعمیر ہونے والی اپنی لال حویلی کو چھوڑ کر اسلام آباد کے قریب نئے گھر میں رہائش اختیار کرلی ہے۔ وہ اپنے نئے گھر میں ’’دی نیشن‘‘ کو اپنے خصوصی انٹرویو دے رہے تھے۔ گھر کے لان میں دو جرمن شیفرڈ بھی تھے، بلٹ پروف لینڈ کروزر کھڑی تھی۔ لال حویلی میں شیخ رشید کو جنگجوئوں کے حملے کا خطرہ زیادہ تھا۔ علاوہ ازیں حکومت نے انہیں 8 مارچ تک لال حویلی خالی کرنے کی وارننگ بھی دے رکھی ہے، ان پر عمارت پر زبردستی قبضے کا الزام عائد کیا گیا ہے۔ اس حوالے سے بات کرتے ہوئے شیخ رشید نے کہا کہ لال حویلی چلی بھی جائے تو میں نے کیا کھونا ہے، میں خودکش بمبار سیاستدان ہوں تاہم انہوں نے لال حویلی کے اپنے ہاتھوں سے چلے جانے کے امکان کو مسترد کیا۔ پانامہ کیس پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا میں اتنی باقاعدگی سے کبھی سکول یا کالج بھی نہیں گیا جس باقاعدگی سے پانامہ کیس کی سماعتوں میںشریک ہو رہا ہوں۔ اس ملک کیلئے یہ ایک بڑا اہم اور فیصلہ کن کیس ہے، میں تاریخ رقم ہوتے دیکھ رہا ہوں، فیصلہ کچھ بھی ہو جج ایک تاریخی فیصلہ لکھیں گے، 2014ء میں عیدالاضحی سے قبل سیاسی قربانی کی اپنی پیش گوئی پوری نہ ہونے پر انہوں نے کہا کہ میں اپنی بات پر قائم ہوں اگر قصاب ہی وقت پر بھاگ جائے تو پھر کیا کہا جا سکتا ہے، مجھے نہیں معلوم ایسا کیوں ہوا، انہوں نے کہا اب پانامہ کیس میں اگر کمشن قائم ہوا تو میں اس کی حمایت کروں گا، عمران بھی ذہنی طور پر کمشن کیلئے تیار ہیں، انہوں نے کہا پانامہ کیس امریکی صدر نکسن کے واٹر گیٹ سکینڈل اور بھارت میں رشوت لینے کے اس سکینڈل کی طرح دکھائی دے رہا ہے جس کے بعد راجیو گاندھی کو 1989ء کے الیکشن میں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا، میں اس طرح کی تحریک پیدا کرنا چاہتا ہوں، تاہم عمران کا سیاسی مزاج مسئلہ بن سکتا ہے، میں عمران کے ساتھ ہوں، عمران کو پسند کرتا ہوں لیکن انکی اپنی پارٹی ہے جس کا اپنا سیٹ اپ ہے، انہوں نے گزشتہ برس موٹر سائیکل پر جلسہ گاہ پہنچنے کے حوالے سے بتایا میں ایسا پہلے بھی کر چکا ہوں مگر 28 اکتوبر کا میرا اقدام لوگوں نے بہت پسند کیا۔ میرے حلقے میں سموسہ فروش جھاکا ہے اس نے کہا شیخ صاحب آپ کے موٹر سائیکل والے اقدام سے ہمارے حلقہ میں آپکی نشست محفوظ ہو گئی ہے۔ انہوں نے کہا اگلے الیکشن میں میں اپنے حلقہ سے تاریخی فتح حاصل کروں گا۔ راولپنڈی کے دوسرے حلقے میں شکست پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے شیخ رشید نے کہا کہ میری خواہش کے باوجود عمران نے اس حلقے کا دورہ نہیں کیا تھا جس پر مجھے بڑی مشکل کا سامنا کرنا پڑا۔ شیخ رشید نے کہا میں نے اپنی ساری سیاسی حکمت عملی اب پانامہ کیس پر قائم کر رکھی ہے، میں سیاست سے پیار کرتا ہوں، لڑکیاں، شراب، جوئے ان سب چیزوں سے میں نفرت کرتا ہوں، صرف سیاست ہی میری محبت ہے، پیسہ میری کمزوری نہیں، میرے پاس اپنے سگار، کھانے اور کپڑوں کیلئے رقم نہیں ہوتی، مجھے بچوں کی فیسوں اور بیوی کے اخراجات کی بھی فکر نہیں ہے۔ انہوں نے کہا عمران خان خاندان پر یقین رکھتے ہیں، وہ اب بھی شادی کا انتظار کر رہے ہیں، میں نے انہیں کئی بار کہا ہے ہر چیز کا ایک وقت ہوتا ہے، بڑی عمر میں کسی کو بنک میں جاب کرنے یا شادی کرنے سے پہلے بہت سوچنا چاہیے۔ عمران نے کہا یہ بڑی تکلیف دہ بات ہے میں نے جواب دیا میں اپنے اندر کے شیخ رشید کو بولنے سے نہیں روک سکتا۔ شیخ رشید نے کہا میں بدھ کو ایسے ثبوت پیش کرنے عدالت جا رہا ہوں جو کیس کا سارا توازن بدل دیں گے، مزید وضاحت کرنے کے سوال پر انہوں نے کہا یہ شواہد بڑا سیاسی نقصان پہنچائیں گے یہ ایک ایٹمی دھماکہ ہوگا۔ اپنے ایک دوسرے انٹرویو میں شیخ رشید احمد نے 2017ء کو ہی عام انتخابات کا سال قرار دیتے ہوئے کہا ہے مسلم لیگ (ن) کو پانامہ کیس میں اپنی شکست نظر آرہی ہے، نوازشریف کسی بھی وقت ’’سر پرائز ‘‘دے سکتے ہیں‘ فوجی عدالتوں کے معاملے میں مولانا فضل الر حمن اور آصف زرداری کی حکومت سے ڈیل ہو جائیگی ۔ پانامہ کیس کا فیصلہ فروری کے آخر یا زیادہ سے زیادہ مارچ کے دوسرے ہفتے میں دیکھ رہا ہوں ۔

ای پیپر-دی نیشن