• news

ججوں کی سیکورٹی کے لئے خصوصی فورس بنائی جائے گی

اسلام آباد (آئی این پی)وزارت داخلہ نے ججز کی سیکیورٹی کیلئے خصوصی فورس قائم کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور اس فورس کے قیام کیلئے بجٹ طریقہ کار اور نفری کی تعداد کے معاملے پر تین رکنی کمیٹی قائم کردی ہے جو 15روز میں اپنی رپورٹ مرتب کریگی ، فورس میں پولیس ، رینجرز اور ایف سی سمیت دیگر اداروں سے جوان لئے جائیں گے ۔ ذرائع کے مطابق وزارت داخلہ نے ماتحت اور اعلیٰ عدلیہ کی سیکیورٹی کو یقینی بنانے کیلئے خصوصی فورس قائم کرنے کا فیصلہ کیا ہے ،ججز سیکیورٹی فورس کے قیام کیلئے تین رکنی کمیٹی کے سربراہ نیشنل پولیس بیورو کے ڈائریکٹر کلیم امام ہوں گے جبکہ کمیٹی کے دیگر ارکان میں آئی جی اسلام آباد طارق مسعود اور ڈی جی نیکٹا عمر شیخ ہوں گے۔ کمیٹی نئی فورس کے قیام اور بجٹ سمیت تمام ضروریات کا جائزہ لے گی ، کمیٹی فورس کے قیام کیلئے کمانڈنٹ ایف سی سے بھی مشاورت کر کے 15روز میں سیکرٹری داخلہ کو ارسال کرے گی۔

ای پیپر-دی نیشن