چترال :لواری ٹنل کے قریب ورکشاپ پر برفانی تودہ گرنے سے 7افراد جاں بحق 8زخمی
چترال+ لاہور (آن لائن+ صباح نیوز) چترال لواری ٹنل کے قریب گاڑیوں کی ورکشاپ پر برفانی تودہ گر گیا جس سے 7 افراد جاںبحق اور 8زخمی ہو گئے۔ تفصیلات کے مطابق اتوار کے روز چترال میں لواری ٹنل کے قریب گاڑیوں کی ورکشاپ پر برفانی تودہ گرنے سے 7 افراد جاں بحق ہوگئے ہیں، امدادی ٹیموں نے مقامی شہریوں کے ساتھ ملکر ملبے سے 8افراد کو زخمی حالت میں نکال لیا جنہیں قریبی دیر ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے، مقامی شہریوں کے مطابق مزید 12سے 15افراد ملبے تلے دبے ہوئے ہیں جس سے مزید ہلاکتوں کا خدشہ ہے۔ وزیراعلی شہباز شریف نے چترال میں لواری ٹنل کے قریب ورکشاپ پر برفانی تودہ گرنے سے قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر اظہار افسوس کیا ہے۔ واضح رہے چند روز قبل چترال میں برفانی تودہ گرنے کے2 واقعات میں 13 سے زائد افراد جاںبحق ہو گئے تھے۔ ڈپٹی کمشنر چترال نے بتایا تودہ ٹنل میں کام کرنے والی کوریا کی کمپنی سامبو کی ورکشاپ پر گرا۔ جاںبحق 3 افراد کا تعلق دروش چترال، 4 کا پنجاب سے ہے، واقعہ کی اطلاع ملتے ہی وزیراعلی خیبرپی کے پرویزخٹک نے سیکرٹری آر آر ایس ڈیپارٹمنٹ احمد حنیف اورکزئی اور ڈی جی پی ڈی ایم اے کو ریسکیو آپریشن کی ہدایت جاری کی۔ پرویزخٹک نے جان و مال کے ضیاع پر گہرے رنج وغم کا اظہار کیا۔ ترجمان پی ڈی ایم اے نے بتایا عوام ہیلپ لائن1700 یا 0919223662 پر رابطہ کر سکتے ہیں۔ 24 گھنٹے کے دوران برفانی تودہ گرنے کا یہ دوسرا واقعہ تھا۔ 17 اور 18 فروری کی درمیانی شب بونی کے مقام پر تودہ گرنے سے ایک شخص جاںبحق اور 3 زخمی ہو گئے۔