• news

پاکستان اور افغانستان کشیدگی میں شدت، فوری رابطہ کا امکان نہیں

اسلام آباد(سہیل عبدالناصر)سیاسی و سفارتی سطح پر پاکستان اور افغانستان کے درمیان سخت کشیدگی کے ماحول میں اصلاح احوال کیلئے دونوں ملکوں کے درمیان اعلیٰ سطح کے کسی فوری رابطہ کا امکان نہیں ہے۔ پاک افغان تعلقات سے واقف ایک شخصیت کے مطابق، گزشتہ ایک ہفتہ کے دوران جو قتل و غارت ہوئی اس پر پاکستان میں سخت غم و غصہ پایا جاتا ہے جس کے بارے میں افغان حکومت اور افغانستان میں موجود امریکی فوجی قیادت کو باضابطہ طور پر آگاہ کر دیا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق اس بات کے ناقابل تردید شواہد موجود ہیں کہ بیرونی عناصر، بطور خاص بھارت، افغان سرزمین کو پاکستان کے خلاف استعمال کر رہا ہے لیکن اصل مسئلہ یہ ہے کہ افغان حکومت خود تو اپنے ہی علاقہ میں عملداری قائم کرنے کی صلاحیت نہیں رکھتی لیکن امریکہ کے پاس تو استعداد کی کمی نہیں اس کے باوجود وہ بھی افغان سرزمین پر کی جانے والی پاکستان دشمن سرگرمیوں سے چشم پوشی کر رہا ہے۔ پاک افغان سرحدی علاقہ میں کالعدم ٹی ٹی پی کے اڈوں اور بھارت کی فوجی و انٹیلی جنس سرگرمیوں سے امریکیوں کا لاعلم ہونا بعید از امکان ہے اسی لئے چند روز پہلے جب آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے افغانستان میں امریکی فوجی کمانڈر جنرل جان نکلسن سے ٹیلیفون پر بات کی تو انہوں نے واضح طور پر کہا کہ سرحد پار کارروائی کیلئے پاکستان کا صبر نہ آزمایا جائے۔

ای پیپر-دی نیشن