سانحہ چیئرنگ کراس، لاہوریوں کو تفریح گاہوں میں سکیورٹی کے نام پر مشکلات کا سامنا
لاہور (چودھری اشرف) مال روڈ چیئرنگ کراس پر پیش آنے والے دہشت گردی کے واقعہ کے بعد تفریح گاہوں پر سکیورٹی سخت ہونے کی وجہ سے لاہور چڑیا گھر، لاہور زو سفاری، وائلڈ لائف پارک جلو موڑ سیر کیلئے آنے والے افراد کو سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ مال روڈ پر واقع لاہور چڑیا گھر اور زو سفاری کے داخلی راستے پر سکیورٹی سخت ہونے کی بنا پر سیر کیلئے گاڑیوں میں آنے والے افراد کو گھنٹوں لمبی قطاروں میں لگ کر داخل ہونا پڑا۔ موسم کی بدلتی ہوئی صورتحال کی بنا پر بھی لوگوں کو مشکلات کا سامنا رہا۔ چڑیا گھر کے داخلی راستے پر گاڑیوں کے رش کی وجہ سے ٹریفک کا نظام بھی بری طرح متاثر ہوا۔ سیر کیلئے آنے والے افراد کا کہنا تھا کہ زو سفاری کے داخلی راستے پر سکیورٹی سخت کی ہوئی ہے تاہم زو سفاری کے عقب میں حفاظتی دیوار نہ ہونے کی بنا پر دہشت گردی کا واقعہ پیش آسکتا ہے اس پر کوئی توجہ نہیں دی جا رہی ہے۔ وائلڈ لائف پارک جلو میں بھی چھٹی کے روز سیر کے لئے بڑی تعداد آئی وہاں بھی سکیورٹی کے نام پر لوگوں کو پریشانی کا سامنا رہا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ سخت سکیورٹی کی وجہ سے کئی خاندان واپس اپنے گھروں کو چلے گئے۔