• news

مشرف کی متحدہ کو کھلی چھوٹ سے کراچی میں بھتہ خوری، قتل و غارت بڑھی: گورنر سندھ

کراچی (نوائے وقت رپورٹ) گورنر سندھ محمد زبیر نے کہا ہے کہ پرویز مشرف نے کراچی کی چابیاں ایم کیو ایم کے حوالے کیں۔ ایم کیو ایم کو کھلی چھوٹ دینے سے شہر میں بھتہ خوری اور قتل و غارت بڑھی۔ زرداری صاحب کے دور میں بھی کراچی کے حالات خراب رہے۔ پرویز مشرف کے دور میں آپریشن کرنے والے پولیس افسروں کو چن چن کر قتل کیا گیا۔ ہم نے پولیس اور رینجرز کو صاف صاف کہہ دیا کہ کسی دباﺅ میں نہ آئیں۔ سٹریٹ کرائمز کی روک تھام سے رینجرز کا کوئی تعلق نہیں۔ ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ایک وقت تھا جب کراچی 10 منٹ میں بند ہو جاتا تھا، اب 10 ماہ کے نوٹس پر بھی کوئی شہر بند نہیں کرا سکتا، جلد صحت اور تعلیم کے سیکٹر میں میں وفاق کے تحت بڑے منصوبے کا اعلان کرینگے۔ ایم کیو ایم پاکستان کے تحفظات کو دور کرنے کی کوشش کرینگے۔ مراد علی شاہ پہلے ہی وزیراعلیٰ سندھ بن جاتے تو اچھا ہوتا۔ سندھ ایک فعال وزیراعلیٰ کا بہت دیر سے منتظر تھا۔ میں سندھ میں کوئی سیاسی کھیل کھیلنے نہیں آیا نہ پی پی سے مقابلہ کرنے۔ ماضی میں ہم نے سیاسی سازشوں کو ہمیشہ ناکام ہوتے دیکھا۔ کسی بھی جماعت کی غیرقانونی سرگرمی برداشت نہیں کی جائیگی۔ اورنج ٹرین، میٹرو بس پر تنقید کرنے والے کراچی کو ٹرانسپورٹ کا نظام نہیں دے سکے، آج بھی کراچی میں ٹرانسپورٹ کا برا حال ہے۔

ای پیپر-دی نیشن