• news

کراچی :گھر سے اسلحہ کا ذخیرہ برآمد پولیس اہلکار سمیت 3 گرفتار اورنگی میں 2 ٹارگٹ کلر پکڑے گئے

کراچی (نوائے وقت رپورٹ، این این آئی) قانون نافذ کرنے والے اداروں نے نیو کراچی میں کارروائی کے دوران گھر سے اسلحے کا ذخیرہ برآمد کرلیا۔ پولیس کے مطابق کارروائی میں پولیس اہلکار سمیت تین افراد کو گرفتار کرلیا گیا۔ پولیس اہلکار عاطف معراج نے کرائے کے مکان میں اسلحہ چھپا رکھا تھا۔ پولیس اہلکار کو اسلحہ متحدہ لندن کے رہنما عمران شیخ نے چھپانے کیلئے دیا تھا۔ گرفتار ملزموں میں مالک مکان اور مکان کرائے پر دلوانے والا سٹیٹ ایجنٹ شامل ہے۔ برآمد اسلحے میں جی تھری رائفل، نائن ایم ایم پستول، 7 رائفلیں، جی تھری کی 50 گولیاں، ایس ایم جی کی 75 گولیاں شامل ہیں۔ دریں اثنا قانون نافذ کرنےو الے اداروں نے اورنگی ٹاﺅن میں کارروائی کرکے 2 ٹارگٹ کلرز کو گرفتار کرلیا ہے۔ ٹارگٹ کلرز کے قبضے سے اسلحہ اور اوان بم بھی برآمد ہوئے ہیں۔ پولیس ذرائع کے مطابق پولیس نے اورنگی ٹاﺅن کے علاقے اقبال مارکیٹ میں خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے 2 ٹارگٹ کلرز کو گرفتار کرلیا ہے۔ گرفتار ٹارگٹ کلرز اسلم علی خان عرف نک چپٹا اور احمد کا تعلق سیاسی جماعت سے ہے۔ ٹارگٹ کلرز پولیس کو ٹارگٹ کلنگ، بھتہ خوری اور جلاﺅ گھیراﺅ سمیت جرائم کی متعدد وارداتوں میں پولیس کو مطلوب تھے۔ ملزمان کو مزید تفتیش کیلئے نامعلوم مقام پر منتقل کردیا گیا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن