• news

بے ضابطگیاں، کوآپریٹو بورڈ فار لکویڈیشن تحلیل، بدعنوانوں کے لئے کوئی جگہ نہیں: شہباز شریف

لاہور (خصوصی رپورٹر) وزیراعلیٰ شہبازشریف کی زیرصدارت اجلاس میں ڈی جی اینٹی کرپشن کی جانب سے پنجاب کوآپریٹوز بورڈ فار لکویڈیشن اور پنجاب ہائوسنگ اینڈ ٹائون پلاننگ ایجنسی کے امور میں ہونے والی بے ضابطگیوں کے حوالے سے ابتدائی رپورٹ پیش کی گئی۔ وزیراعلیٰ نے پنجاب کوآپریٹوز بورڈ فار لکویڈیشن کی اراضی اور جائیدادوں میں بے ضابطگیوں کا سخت نوٹس لیتے ہوئے پنجاب کوآپریٹوز بورڈ فار لکویڈیشن کو تحلیل کرنے اور چیئرمین پنجاب کوآپریٹوز بورڈ فار لکویڈیشن اور دیگر بورڈ ممبران کو فی الفور معطل کرنے کا حکم دیا۔ اینٹی کرپشن کا ادارہ قانون کے تحت ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کرے اور جن افراد نے بے ضابطگیاں کی ہیں ان کے خلاف قانونی تقاضے پورے کرتے ہوئے ایف آئی آر درج کرائی جائے۔ وزیراعلیٰ نے پنجاب کوآپریٹوز بورڈ فار لکویڈیشن کے مکمل آڈٹ کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ اس ضمن میں بہترین فرم کا انتخاب کرکے فوری آڈٹ شروع کیا جائے۔ نیا بورڈ جلد تشکیل دیا جائے بورڈ کے زیر ملکیت قیمتی اراضی کو فروخت کرنے کیلئے قانونی تقاضوں کو بالائے طاق رکھا گیا۔ ذمہ دار افراد کے خلاف تحقیقات کا عمل جلد مکمل کیا جائے کیونکہ نیلامی کے عمل کے بغیر بھی اراضی کو فروخت کرنا غیر قانونی ہے۔ وزیراعلیٰ نے پنجاب ہائوسنگ اینڈ ٹائون پلاننگ ایجنسی میں بے ضابطگیوں پر سخت ایکشن لیتے ہوئے ضلع خوشاب کے علاقے قائدآباد میں کم آمدن والے خاندانوں کو پلاٹس کی الاٹمنٹ میں بے ضابطگیوں کے ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کا حکم دیا۔ انہوں نے غیر قانونی طور پر پلاٹس الاٹ کرنے کے ذمہ داروں کو معطل کرنے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ وضع کردہ طریقہ کار کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف فوجداری کارروائی عمل میں لائی جائے اور اینٹی کرپشن کا ادارہ پنجاب میں تمام سکیموں کا آڈٹ کرکے رپورٹ پیش کرے۔ پنجاب میں کرپشن کرنے والوں کیلئے کوئی جگہ نہیں اور جہاں بے ضابطگی ہوئی ہے وہاں ذمہ دار سزا سے نہیں بچ پائیں گے۔ ہیلتھ کیئر سسٹم کے حوالے سے اجلاس میں شہباز شریف نے کہا ہے کہ صحت عامہ کی معیاری سہولتوں کی فراہمی میری زندگی کا مشن ہے۔طبی سہولتوں کا معیار عوام کی توقعات کے مطابق ہونے تک میری جنگ جاری رہے گی۔مجھے یقین ہے کہ محنت ، عزم اور جذبے کے ساتھ ہیلتھ کیئرسسٹم کو خوب سے خوب تر بنانے کیلئے کی جانے والی کاوشیں ضرور رنگ لائیں گی۔وزیراعظم کے قومی ہیلتھ انشورنس پروگرام کا دائرہ کار پنجاب کے تمام اضلاع تک پھیلایا جائے گا۔ مزید 14 موبائل ہیلتھ یونٹس خریدے جائیں گے۔ اجلاس میں ہسپتالوں کی ایمرجنسیوں میںایمرجنسی میڈیکل افسر لگانے کا فیصلہ کیا گیا اور پنجاب کے بڑے شہروں میں قائم نجی ہسپتالوں کے بیڈزلینے کے اقدام کی اصولی منظوری دی گئی۔ اجلاس میںاضافی ڈیوٹی کرنے والے ریسکیو 1122 کے عملے کو اضافی الاؤنس دینے کی منظوری دی گئی۔ پینے کے صاف پانی کے پروگرام کی فزیبلٹی سٹڈیز،ماڈلز اور دیگر امور پر اجلاس سے خطاب میں وزیراعلی نے کہا کہ عوام کوپینے کے صاف پانی کی فراہمی ہماری اولین ترجیح ہے اور مفاد عامہ کے اس اہم پروگرام کا تعلق براہ راست انسانی صحت کے ساتھ جڑا ہوا ہے۔ مادری زبان کے عالمی دن پر پیغام میں شہباز شریف نے کہا ہے کہ زبان کسی بھی قوم کی شناخت کے لئے نہایت اہمیت کی حامل ہے، زبان سے قوم کو پہچان ملتی ہے ۔زبان مادری او رثقافتی ورثے کی بقااو رترویج کا سب سے بہترین ذریعہ ہے اور بلاشبہ زبان کسی بھی انسان کی ذات اور شناخت کا اہم ترین جزو ہے۔ وزیراعلیٰ کی زیرصدارت اجلاس میں لاہور سمیت بڑے شہروں میں پارکنگ سہولتوں میں بہتری لانے کے حوالے سے کئے جانے والے اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں لاہور میں نئے بس ٹرمینل کے قیام کے حوالے سے بھی تجاویز پر غور کیا گیا۔ وزیراعلی نے شیخوپورہ میں ہائیڈروپاور پراجیکٹ کے سپل وے کے گرنے کے واقعہ کی انکوائری کیلئے کمیٹی تشکیل دے دی ہے۔ وزیراعلیٰ نے معروف پنجابی شاعر، ادیب اور ڈرامہ نگار محمدحسین شادکے انتقال پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن